پہلی بار بچوں کے لیے لکھی گئی کہانیوں کا انگریزی ترجمہ بعنوان ناک کہانی منظرعام پر آگیا ہے۔
کراچی سے جاری ایک بیان کے مطابق کتاب میں بچوں کے ادب سے منسلک نامورادیبوں کی اردو سے انگریزی میں ترجمہ کردہ 24 یادگار کہانیاں شامل کی گئی ہیں جو اس سے قبل بچوں کے ماہنامہ ساتھی میں گذشتہ دو عشروں میں شائع ہوچکی ہیں۔
نمایاں لکھنے والوں میں نذیر انبالوی، رؤف پاریکھ، احمد حاطب صدیقی، فوزیہ خلیل، سیما صدیقی، نائلہ صدیقی، حماد ظہیر، شازیہ فرحین، بینا صدیقی اور دیگر نامور قلم کار شامل ہیں جبکہ کہانیوں کا انگریزی ترجمہ فاطمہ نور صدیقی، راحیمہ خان اور ہُدا سعد سید نے کیا ہے۔
اس موقع پراپنے تاثرات میں ماہنامہ ساتھی کے مدیر اعظم طارق کوہستانی نے کہا اردو ادب میں بچوں کے لیے بےشمار لازوال کہانیاں تخلیق کی گئی ہیں جنہیں انگریزی سمیت دنیا میں بولی جانے والی دیگر بڑی زبانوں میں منتقل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انگریزی، جرمن، فرانسیسی، جاپانی، ہندی و دیگر زبانوں میں لکھی گئی کتابوں کے اردو تراجم وقتاً فوقتاً دیکھنے میں آتے ہیں لیکن اردو ادب کا دیگرعالمی زبانوں میں ترجمہ شاذو نادر ہی سامنے آتا ہے جبکہ بچوں کے اردو ادب میں اس کی کوئی مثال موجود نہیں۔
اپنے تاثرات میں کہانیوں کی مترجم محترمہ فاطمہ نور صدیقی کی کہا کہ ترجمہ ایک طویل مدتی اور دقت طلب کام ہے لیکن وہ پرامید ہیں کہ اردو سے انگریزی میں ترجمہ کردہ یہ کہانیاں دنیا بھر کے بچوں میں مقبولیت پائیں گی۔