پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ پانچ ریزرو کرکٹرز اور منیجمنٹ کے ایک رکن کے کووڈ 19 ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ان پانچ ریزرو کھلاڑیوں میں بلال آصف، عمران بٹ، محمد نواز، موسیٰ خان اور روحیل نذیر شامل ہیں۔ جمعرات کو ہونے والے ٹیسٹ میں منیجمنٹ کے ایک رکن، مساجر محمد عمران کا کووڈ 19 ٹیسٹ بھی لیا گیا۔
بلال آصف، عمران بٹ، موسیٰ خان اور محمد نواز کو پہلے ہی دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ چار ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کرلیا گیا تھا تاہم محمد رضوان کی جگہ روحیل نذیر کی بطور بیک اپ وکٹ کیپر اور ملنگ علی کی جگہ محمد عمران کی بطور بیک اپ مساجر کووڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی۔
قومی سکواڈ کی ٹیسٹنگ کے پہلے مرحلے میں وکٹ کیپر محمد رضوان اور مساجر ملنگ علی کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔
جمعرات کو سکواڈ میں شامل 18 کھلاڑیوں اور منیجمنٹ میں شامل 11 اراکین کی کووڈ 19 ٹیسٹنگ کا دوسرا مرحلہ مکمل کرلیا گیا جبکہ پہلے مرحلے میں مثبت نتائج آنے والے 10 کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کے ایک رکن کا دوسرا کووڈ 19 ٹیسٹ 26 جون بروز جمعہ کو ہوگا۔
پی سی بی تمام ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان 27 جون بروز ہفتے کو کرے گا۔
بورڈ کی جانب سے منگل کو جاری ایک بیان کے مطابق سات مزید کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد کرونا (کورونا) وائرس سے متاثرہ کھلاڑیوں کی کل تعداد دس ہو گئی۔
پیر کو کراچی، لاہور اور پشاور میں ہونے والے ٹیسٹوں کے نتائج آئے جن کے مطابق محمد حفیظ، وہاب ریاض، فخر زمان، محمد رضوان، عمران خان، کاشف بھٹی اور محمد حسنین میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی جب کہ عملے کے ایک شخص میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
گذشتہ روز کرکٹ بورڈ نے راولپنڈی میں ہونے والے ٹیسٹوں کے حوالے سے مطلع کیا تھا کہ ان ٹیسٹوں میں تین کھلاڑیوں کے ٹیست مثبت آئے تھے۔ ان کھلاڑیوں میں نوجوان کرکٹر حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان شامل تھے۔
یہ ٹیسٹ پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے کیے جا رہے ہیں اور ان تنائج کے بعد گمان کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کا دورہ انگلینڈ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انگلینڈ کرکٹ کے ڈائریکٹر نے آج اس بات کی امید ظاہر کی تھی کہ پاکستان کے تین کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود بھی سیریز ہونے کے لیے وہ پرامید ہیں۔
سات نئے کھلاڑیوں میں تشخیص کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ نئے نتائج آنے کے باوجود بھی انگلینڈ کا دورہ شیڈول کے مطابق ہو گا۔
کرکٹ ٹیم اور عملے کے اس وقت صرف تین افراد کے ٹیسٹ ہونا باقی ہیں۔ کھلاڑی شعیب ملک، کوچ وقار یونس اور فزیو کلف ڈیکن کے ٹیسٹ ہونا ابھی باقی ہیں۔
مثبت ٹیسٹ آنے والے تمام کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایات کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کر دی گئی ہیں۔