پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نےاعلان کیا ہے کہ 19 انڈر 19 خواتین کھلاڑیوں کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ لینے کا آغاز 22 جون بروز پیر سے ہوگا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق آن لائن فٹنس ٹیسٹنگ کا مقصد کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہونے کے سبب انڈر 19 خواتین کرکٹرز کی توجہ کھیل پر مرکوز رکھنا ہے۔
آن لائن فٹنس جانچنے کا یہ عمل 22 سے 26 جون تک جاری رہے گا، اس دوران کھلاڑیوں کی ہینڈ آئی کوآرڈینیشن، جسمانی توازن اور پٹھوں کی مضبوطی کا جائزہ لیا جائے گا۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ ابھرتی ہوئی خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نکھار لانے کے لیے سرمایہ کاری کرنا درحقیقت پی سی بی کی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ حکمت عملی کے مطابق بورڈ خواتین کرکٹرز کا پول بڑھانے کے ساتھ ساتھ انڈر 19 کرکٹرز کو اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں جگہ بنانے کا ایک واضح راستہ فراہم کرنا چاہتا ہے۔
گذشتہ سال نومبر میں کھیلے گئے سکلز ٹو شائن انڈر 18 ویمنز ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن شپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں کو آن لائن ٹیسٹنگ میں شامل کیا گیا ہے۔
لاہور میں کھیلے گئے اس ایونٹ میں کل چار ٹیموں نے شرکت کی تھی۔ ایونٹ کے اختتام پر بہترین کرکٹرز نے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں 14 روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
چیئر آف نیشنل ویمنز سلیکشن عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ اس جدید دور میں کسی بھی کھلاڑی کے لیے جسمانی تندرستی کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو یہ سمجھانا بھی ضروری ہے کہ ایک پیشہ ور کرکٹر کی حیثیت سے انہیں اپنی ضروریات کا اندازہ ہونا چاہیے۔
عروج ممتاز نے کہا کہ یہ کرکٹرز گذشتہ دو ماہ سے سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ کی جانب سے فراہم کردہ تربیتی پروگرام پر مکمل عمل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کے دوران ٹیسٹنگ بیٹری کی تشکیل کے دوران اس امر پر بھی غورکیا گیا کہ کرونا وائرس کے سبب کھلاڑیوں کا زیادہ تر وقت انڈور میں گزر رہا ہے۔
چیئر آف نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی نے کہا کہ ابھرتی ہوئی خواتین کرکٹرز پر سرمایہ کاری کرنا پی سی بی کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انڈر19 خواتین کرکٹرز ہی کھیل کا مستقبل ہیں۔ عروج ممتاز نے کہا کہ پی سی بی خواتین کھلاڑیوں کے پول کو وسعت دینے کے لیے اسکلز ٹو شائن اور کرک فار اَس پروگرام کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
کھلاڑیوں کےنام:
انوشہ ناصر ( کراچی)، اریجہ حسیب ( کراچی)، فجر نوید (اسلام آباد)، فاطمہ خان (لاہور)، گل رخ (لاہور)، گل اسوہ (ملتان)، حمنہ بلال ( اسلام آباد)، ہانیہ احمر(کراچی)، خوش بخت وسیم (لاہور)، لائبہ فاطمہ (کراچی)، لاریب ملک (لاہور)، لاویزہ منیر (لاہور)، مومنہ ریاست خان (ایبٹ آباد)، نازش رفیق (لاہور)، ردا اسلم (اسلام آباد)، صائمہ ملک (کوئٹہ)، شوال ذوالفقار (لاہور)، یسرا عامر (کراچی) اور زیب النساء (چارسدہ)۔