ارجنٹائن یہ طبی معمہ حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ ایک بحری جہاز کے عملے کے 157 ارکان 35 دن تک سمندر میں رہنے کے بعد کرونا (کورونا) وائرس میں کس طرح مبتلا ہوئے جبکہ روانگی سے پہلے ان سب کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوبی صوبے ٹیئرا ڈیل فیوگو کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ مچھلیاں پکڑنے کے لیے استعمال ہونے والا اکیزن مارو نامی جہاز عملے کے بعض ارکان میں کووڈ 19 کی علامات ظاہر ہونے کے بعد واپس آ گیا تھا۔
وزارت صحت کے مطابق عملے کے 61 ارکان کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 57 ارکان میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد انہیں 14 دن کے لیے اوسوایا شہر کے ایک ہوٹل میں قرنطینہ (آئیسولیٹ) کر دیا گیا۔ اس سے پہلے ان کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
شہر کی ایمرجنسی آپریشن کمیٹی نے کہا ہے کہ دیگر افراد میں سے دو کا ٹیسٹ منفی آیا ہے، دو کے ٹیسٹ کے نتیجے کا انتظار ہے جبکہ دو افراد کو ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ٹیئرا ڈیل فیوگو میں پرائمری ہیلتھ کیئر کی ڈائریکٹر ایلے ہاندرا الفارو نے کہا: 'یہ پتہ لگانا مشکل ہے کہ یہ عملہ کس طرح کرونا وائرس کا شکار ہوا؟ وہ 35 دن تک زمین پر کسی سے رابطے میں نہیں آئے اور ہر قسم کی سپلائی اوسوایا کی بندرگاہ سے لائی گئیں۔'
انہوں نے مزید بتایا کہ 'ایک ٹیم عملے میں وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے وقت کا جائزہ لے رہی ہے تا کہ پتہ لگایا جا سکے کہ مرض کی علامات ظاہر ہونے میں کتنا وقت لیتی ہیں؟'
اوسوایا کے علاقائی ہسپتال میں متعدی امراض کے شعبے کے سربراہ لیونارڈوبیلاٹور نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ایک ایسا کیس ہے جس کا ذکر شائع ہونے والے کسی مواد میں نہیں آیا کیونکہ وائرس کے اتنی دیر تک فعال رہنے کے بارے میں کہیں نہیں بتایا گیا۔ ابھی تک وضاحت نہیں کی جا سکتی کہ علامات کیسے ظاہر ہوئیں۔
اب تک دستیاب معلومات اور تحقیق کے مطابق کرونا وائرس کا انکیوبیشن پیریڈ (علامات ظاہر ہونے کا وقت) 14 دن ہے۔
ارجنٹائن میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے جب کہ اب تک 1859 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ زیادہ تر کیس بیونس آئرس کے علاقے میں سامنے آئے ہیں۔