جنوبی افریقہ سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان، شاہین کی وائٹ بال کرکٹ میں واپسی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق بابر اعظم کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 تینوں فارمیٹس میں شامل کیا گیا ہے، نسیم شاہ کو ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم جبکہ شاہین آفریدی کو وائٹ بال میچز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

چار دسمبر 2024 کو بنائے گئے اس تصویری مجموعے میں پاکستانی کرکٹرز بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو گراؤنڈ میں ایکشن میں دیکھا جا سکتا ہے (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے 10 دسمبر سے سات جنوری 2025 تک شیڈول جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق بابر اعظم کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 تینوں  فارمیٹس میں شامل کیا گیا ہے جبکہ نسیم شاہ کو ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔

شاہین آفریدی جو انگلینڈ کے خلاف آخری دو ٹیسٹ بھی نہیں کھیل پائے، کو فی الحال وائٹ بال میچز کے لیے منتخب کیا گیا ہے تاکہ وہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی بہترین فٹنس اور فارم میں ہوں۔

ٹیسٹ ٹیم میں فاسٹ بولر محمد عباس کی واپسی بھی ہوگی۔ 25 ٹیسٹ میچوں میں 90 وکٹیں حاصل کرنے والے محمد عباس نے تین سال پہلے اپنا آخری ٹیسٹ میچ جمیکا میں کھیلا تھا۔

گذشتہ ماہ سری لنکا اے کے خلاف پاکستان شاہینز کی جانب سے 15 وکٹیں لینے کے بعد فاسٹ بولر خرم شہزاد کو بھی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ میر حمزہ 15 رکنی ٹیسٹ سکواڈ میں چوتھے فاسٹ بولر ہیں اور اس وقت ایبٹ آباد میں لاہور وائٹس کے خلاف پشاور کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آف سپنر ساجد خان انگلینڈ کے خلاف 19 وکٹیں لینے کے باوجود سلیکشن سے محروم رہے ہیں۔ سلیکٹرز نے سنچورین اور نیو لینڈز کی پچز اور جنوبی افریقہ کو بطور اپوزیشن مدنظر رکھتے ہوئے نعمان کا انتخاب کیا ہے، جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں 20 وکٹیں لیں اور 17 ٹیسٹ میچوں میں 67 وکٹیں حاصل کیں۔

زمبابوے کے خلاف بہترین بولنگ کرنے والے بائیں ہاتھ کے سپن بولر سفیان مقیم بھی ون ڈے سکواڈ میں شامل ہیں۔ سفیان نے دو ٹی 20 میچوں میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں، جن میں صرف تین رنز کے عوض پانچ وکٹیں بھی شامل ہیں۔

عاقب جاوید جو سلیکشن کمیٹی رکن ہونے کے ساتھ ساتھ وائٹ بال کے عبوری کوچ بھی ہیں، کا ٹیم سلیکشن کے بارے میں کہنا ہے: ’اس بار ہم نے پچ کی کنڈیشن کے مطابق سکواڈ کا متوازن رکھا ہے، جو جنوبی افریقہ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے قابل ہیں۔‘

ساجد خان کو ٹیم کا حصہ نہ بنانے کے بارے میں عاقب جاوید کا کہنا تھا: ’انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کے باوجود ساجد خان کو سکواڈ میں شامل نہ کرنا ایک انتہائی مشکل فیصلہ تھا، تاہم سینچورین اور کیپ ٹاؤن کی تیز پچز کو دیکھتے ہوئے ہم نے ساجد کے بجائے محمد عباس کا انتخاب کیا، جو سیم بولنگ کے ایک شاندار ماہر ہیں۔‘

سیریز کا آغاز 10 دسمبر کو ڈربن میں پہلے ٹی 20 سے ہوگا، اس کے بعد پہلا ون ڈے 17 دسمبر کو پارل میں ہوگا۔ ٹیسٹ میچز بالترتیب 26 دسمبر اور تین جنوری کو سینچورین اور کیپ ٹاؤن میں ہوں گے۔  

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ