پشاور کے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں منگل سے پہلی زلمی ویمن کرکٹ لیگ کا رنگا رنگ آغاز ہو گیا، جو سات دسمبر تک جاری رہے گی۔
زلمی ویمن کرکٹ لیگ پشاور زلمی، زلمی فاؤنڈیشن، خیبر پختونخوا حکومت اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔
اس لیگ کے لیے پشاور، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں ہونے والے ٹرائلز میں سے منتخب طالبات شریک ہوئیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
افتتاحی میچ میں ہزارہ ڈیفوڈلز نے بنوں رینیگیڈز کو 30 رنز جبکہ دوسرے میچ میں پشاور آل سٹارز نے مردان میورکس کو چھ رنز سے شکست دی۔ پشاور آل سٹار اور ہزارہ ڈیفوڈلز کے درمیان تیسرا میچ خراب روشنی کے باعث روک دیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔
ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں اور صوبائی وزیر تعلیم مینا خان آفریدی نے کیا۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزیر جیل خانہ جات ہمایوں خان، پشاور زلمی کے ڈائریکٹر محمد اکرام، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کامران آفریدی اور ڈائریکٹر ضم اضلاع رضی اللہ سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کے لیے اس طرح کے میلے کا انعقاد کرنے پر پشاور زلمی کے مشکور ہیں۔ حالات جیسے بھی ہوں، صوبائی حکومت کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع فراہم کرتی رہے گی۔‘
اس موقعے پر پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ زلمی ویمن کرکٹ لیگ کا میلہ پشاور میں شروع ہو گیا ہے۔ ’خیبر پختونخوا سے مینز کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ سامنے آیا ہے اور امید ہے کہ اس لیگ سے ویمن کرکٹ کا بھی بہترین ٹیلنٹ دیکھنے کو ملے گا۔‘
محمد اکرم نے کہا کہ پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی کا مشن ہے کہ وہ پشاور کے نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیاں فراہم کرتے رہیں گے۔
انہوں نے تعاون کرنے پر خیبر پختونخوا حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقعے پر صوبائی وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن مینا خان آفریدی نے کہا کہ ’پشاور زلمی نے صوبے کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے ہمیشہ تعاون کیا ہے اور امید ہے کہ اس طرح کی سرگرمیوں کا مسقبل میں بھی انعقاد کیا جائے گا۔‘