صدر پوتن کی بیٹیاں اتنی رازداری کے پردے میں کیوں؟

روسی صدر کی مبینہ طور پر تین بیٹیاں ہیں مگر ان میں سے کون سی بیٹی نے کرونا وائرس کی ویکسین استعمال کی؟

(ولادی میر پوتن آرکائیوز)

آج کل فیس بک پر ایک تصویر گردش کر رہی ہے جس میں مبینہ طور پر روسی صدر ولادی میر پوتن کی بیٹی کو دکھایا جا رہا ہے جنہوں نے کرونا (کورونا) وائرس کے خلاف بننے والی روسی ویکسین استعمال کی ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹس میں صدر پوتن کی بیٹی کی ’بہادر‘ بیٹی کو سراہا جا رہا ہے اور ان کا تقابل پاکستان کے حالیہ اور سابقہ حکمرانوں کی اولادوں سے کیا جا رہا ہے۔ لیکن کیا واقعی تصویر میں دکھائی دینے والی نوجوان خاتون، جن کی عمر 20، 22 سال سے لگتی ہے، صدر پوتن کی بیٹی ہیں؟ اور اگر ہیں تو وہی بیٹی ہیں جنہوں نے ویکسین استعمال کی؟

دنیا کو روس کی جانب سے کرونا وائرس کے خلاف ’سب سے پہلی منظور شدہ ‘ ویکسین کی خبر دیتے وقت خود صدر پوتن نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ویکسین خود ان کی بیٹی پر بھی آزمائی گئی ہے۔ یہ بات بہت سے لوگوں کے لیے حیرت انگیز تھی کیوں کہ  صدر پوتن کی نجی زندگی کی معلومات اور تفصیلات کے بارے میں سخت رازداری سے کام لیا جاتا ہے اور دنیا اس بارے میں بہت کم جانتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شاید یہی وجہ ہے کہ سرکاری اعلان میں صدر پوتن نے نہ تو اپنی بیٹی کا نام بتایا اور نہ ہی اس بارے میں مزید معلومات سے آگاہ کیا۔ شاید اس قدر احتیاط کی وجہ یہ رہی ہو کہ صدر بننے سے پہلے پوتن مشہورِ زمانہ روسی خفیہ ایجنسی کے جی بی میں شامل رہے ہیں، جس کے اہلکاروں کا کام ہی پردے کے پیچھے رہنا ہے۔

 

کبھی کبھار سائبیریا کی جھیل میں نہاتے ہوئے یا گھڑسواری کرتے ہوئے پوتن کی کوئی نجی تصویر نشر کر دی جاتی ہے مگر اس کے علاوہ ان کی ذاتی زندگی ایک آہنی پردے کے پیچھے بند ہے اور اس بارے میں ادھر ادھر کے قیاسات کے گھوڑے ہی دوڑائے جا سکتے ہیں۔

اب تک ہمارے سامنے جو معلومات موجود ہیں ان کے مطابق صدر پوتن کی دو بیٹیاں ہیں، ماریا اور کیترینا۔ ماریا کی عمر 35  برس اور کیترینا کی 33 برس بتائی جاتی ہے۔ ظاہر ہے کہ وائرل فوٹو میں موجود لڑکی کسی طرح بھی صدر پوتن کی بیٹی نہیں ہو سکتی۔

 

اس کے علاوہ کچھ افواہوں کے مطابق پوتن کی ایک گرل فرینڈ سے بھی بیٹی ہے، تاہم انہی افواہوں کے مطابق اس کی عمر پانچ برس ہے، اس لیے وہ بھی خارج از امکان ہو جاتی ہے۔

پوتن کی یہ دونوں بیٹیاں سابق بیوی لدمیلا شکریبنیوا کی بیٹیاں سمجھی جاتی ہیں، تاہم پوتن کبھی اپنی بیٹیوں کے ہمراہ منظرِ عام پر دکھائی نہیں دیے۔

ان بیٹیوں کے بارے میں معلومات کی کمی کی وجہ یہ بھی ہے کہ وہ جعلی نام استعمال کرتی ہیں۔ روئٹرز کی ایک خبر کے مطابق کیترینا نے یونیورسٹی میں اپنے خاندانی نام کی جگہ ایک فرضی نام ’تخوونا‘ استعمال کیا تھا۔ رازداری کی انتہا یہ تھی کہ ان کے کسی ہم جماعت کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کا صدر پوتن سے کوئی تعلق ہے۔ روئٹرز نے اسی خبر میں کیترینا اور ان کے خاوند کی دولت کا تخمینہ دو ارب ڈالرز لگایا تھا۔  

ایک امریکی دستاویزی فلم کو انٹرویو دیتے وقت صدر پوتن نے کہا تھا کہ وہ نانا بن گئے ہیں۔ تاہم انہیں اپنے نواسے یا نواسی سے کھیلنے کا وقت بہت کم ملتا ہے۔ اس وقت بھی انہوں نے اپنی بیٹی کا نام دینے یا یہ تک بتانے سے گریز کیا تھا کہ ان کی نواسی ہے یا نواسا۔

چند برس قبل اٹلی، جہاں حکمرانوں کے سکینڈل میڈیا پر اچھالے جانا عام ہے، کے دورے کے موقعے پر ایک صحافی نے صدر پوتن سے ان کی مبینہ گرل فرینڈ کے بارے میں سوال پوچھا تو صدر نے اسے یہ کہہ کر جھڑک دیا کہ مجھے وہ لوگ زہر لگتے ہیں جو دوسروں کی نجی زندگی کی ٹوہ لگاتے ہیں۔ 

کیترینا کی بڑی بہن ماریا نے طبی تحقیق کا شعبہ اختیار کیا ہے اور وہ ماسکو یونیورسٹی سے منسلک ہیں۔ عین ممکن ہے ماریا ہی نےاپنے طبی پس منظر کی وجہ سے تجرباتی طور پر  ویکسین استعمال کی ہو۔ تاہم جب تک اس کی تصدیق نہیں ہوتی، یہ اندازہ ہی رہے گا۔ 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ