روس کرونا ویکسین کی منظوری دینے والا پہلا ملک ہے: صدر پوتن

روس کے صدر ولادی میر پوتن کا کہنا ہے کہ روس کرونا وائرس کے علاج کے لیے تیار کی جانے والی ویکسین کی باضابطہ منظوری دینے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

ریگولیٹری منظوری کے بعد روس میں اس ویکسین کی بڑے پیمانے پر پیداوار کی راہ ہموار ہو گئی ہے (روئٹرز)

روس کے صدر ولادی میر پوتن کا کہنا ہے کہ روس کرونا وائرس کے علاج کے لیے تیار کی جانے والی ویکسین کی باضابطہ منظوری دینے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

یہ منظوری دو ماہ سے بھی کم وقت سے جاری انسانی ٹرائلز کے بعد دی جا رہی ہے۔ روس کی جانب سے اس فیصلے کو اپنی سائنسی برتری کے ثبوت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

اس ویکسین کے حتمی ٹرائلز ہونا ابھی باقی ہیں لیکن روسی کمپنی سستیما کے مطابق رواں سال کے آخر تک مذکورہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کی جا سکتی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرنے والے ایک ذرائع کے مطابق اگلے ہفتوں میں کووڈ 19 کے مریضوں کا علاج کرنے والے طبی عملے کو رضاکارانہ طور پر اس ویکیسین کے ٹرائلز کے لیے پیش کش کی جائے گی۔

ریگولیٹری منظوری کے بعد روس میں اس ویکسین کی بڑے پیمانے پر پیداوار کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

روس کے خود مختار ویلتھ فنڈ کے سربراہ کیریل دمیتریف نے اس موقع کو ’سپتنک مومنٹ‘ قرار دیا ہے اور اس کا موازنہ روس کی جانب سے 1957 میں خلا میں بھیجے جانے والے پہلے سیٹلائٹ سپتنک ون سے کیا جا رہا ہے۔

ان کے مطابق غیر ملکی مارکیٹ کے لیے اس ویکسین کا نام ’سپتنک فائیو‘ رکھا جائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دمتریف کے مطابق روس کو پہلے ہی اس ویکسین کی ایک ارب خوارکوں کے غیر ملکی آرڈرز موصول ہو چکے ہیں اور جلد ہی متحدہ عرب امارات اور فلپائن میں اس ویکسین کے کلنیکل ٹرائلز کا آغاز کر دیا جائے گا۔

اس ویکسین کے اب تک کیے جانے والے دس فیصد کلینکل ٹرائلز کامیاب رہے ہیں اور روس کی جانب سے اس معاملے کو بہت تیز رفتاری سے سر انجام دینے پر کئی سائنسدانوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق روس قومی وقار کو حفاظت سے زیادہ ترجیح دے رہا ہے لیکن سرکاری ٹیلی ویژن پر ہونے والی ایک ملاقات کے دوران روسی صدر نے ان خدشات کو مسترد کر دیا ہے۔

ان کے مطابق روس کی تیار کردہ ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے اور ان کی ایک بیٹی پر بھی اس ویکسین کے ٹرائلز کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ’مجھے معلوم ہے یہ بہت پراثر ہے اور مضبوط امیونٹی قائم کرتی ہے۔ میں دوبارہ کہوں گا کہ اس نے تمام ضروری مراحل پاس کر لیے ہیں۔‘

پوتن نے جلد ہی اس ویکسین کے بڑے پیمانے پر پیدوار کی امید ظاہر کی ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی صحت