لاہور میں وزیر اعظم عمران خان کی زمان پارک میں واقع ذاتی رہائش گاہ کے قریب ایک گھر میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی چوری ہو گئی۔
پولیس کے مطابق نامعلوم چور اویس مجید نامی شہری کے گھر سے ایک کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کی قیمتی اشیا، جن میں طلائی زیورات، لیپ ٹاپ اور قیمتی گھڑیوں سمیت دیگر سامان تھا، چوری کر کے فرار ہوگئے۔
متاثرہ شہری کے مطابق ان کے اہل خانہ سیر کے لیے ایبٹ آباد گئے ہوئے تھے جب نامعلوم چوروں نے رات کو موقعے سے فائدہ اٹھایا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے کے بعد گھر کے ملازموں سے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
واردات کیسے ہوئی؟
زمان کالونی کے رہائشی اویس مجید کے مطابق چور رات کے وقت واش روم کا ایگزاسٹ فین توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ ان کی فیملی اس وقت سیر وتفریح کے لیے ایبٹ آباد گئی ہوئی تھی۔ انہیں واردات کہ اطلاع محمد سہیل نامی
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ملازم نے فون پر دی، جس کے بعد انہوں نے واپس آکر تھانہ ریس کورس میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔
ایس ایچ او تھانہ ریس کورس منصور احمد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ اویس مجید چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور ان کے گھر سے 50 گھڑیاں چوری ہوئی ہیں جن میں پرانی قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں کیونکہ انہیں گھڑیاں جمع کرنے کا شوق تھا۔ ایس ایچ او کے مطابق اس کے علاوہ لیپ ٹاپ اور زیورات بھی غائب ہیں۔
پولیس افسر کے مطابق گھر میں کیمرے نہیں لگے تھے لیکن وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر لگے سیکورٹی کیمروں سے مدد لی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ چوری میں گھر کا کوئی ملازم ملوث ہوسکتا ہے کیونکہ ان کے گھر چھ، سات ملازم تھے۔