شیخ رشید غیر ذمہ دارانہ بیان سے معاملے کو متنازع بنا رہے ہیں: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے کہا ہے کہ نیشنل سکیورٹی بریفنگ وزیراعظم کے بغیر ہوئی جو نہیں ہونی چاہیے تھی۔

بلاول بھٹو نے کراچی میں پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے گلگت بلتستان میں انتخابات کے حوالے سے بھی بات  کی (سکرین گریب)

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے کہا ہے کہ نیشنل سکیورٹی بریفنگ وزیراعظم کے بغیر ہوئی جو نہیں ہونی چاہیے تھی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے مختصر بات کی اور کہا کہ ’بہتر ہوتا کہ عمران خان بھی اس میں موجود ہوتے۔‘

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے گلگت بلتستان میں انتخابات اور اس خطے کی صورتحال کی وجہ سے سیاسی قیادت سے ملاقات کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’ملاقات میں مجھے یہ تاثر ملا کہ آگے جا کر ہمارے آرمی چیف کی بھی خواہش ہے کہ آئندہ انتخابات متنازع نہ ہوں جس کے لیے ہم قانون سازی کریں۔‘

صحافیوں کے سوالات پر بلاول بھٹو نے کہا کہ آرمی چیف سے کسی ترمیم کے حوالے سے بات نہیں ہوئی۔ ’نیشنل سکیورٹی کی میٹنگ آف دی ریکارڈ تھی اس لیے جو باتیں بتائی ہیں اس سے زیادہ کچھ بھی نہیں کہنا چاہتا۔‘

انہوں نے اسی حوالے سے مزید کہا کہ وہ نیشنل سکیورٹی پر ہونے والی ملاقات پر کوئی بحث نہیں کریں گے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’وہ شخص (شیخ رشید) جس کا بھی ترجمان ہے اِسے اُس (شیخ رشید) کو کہنا چاہیے کہ وہ چپ ہو جائے۔‘

’شیخ رشید غیر ذمہ دارانہ بیان سے اس معاملے کو متنازع بنا رہے ہیں۔‘

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ’اگر کسی بھی اجلاس میں شیخ رشید ہوئے تو ہم نہیں شریک ہوں گے چاہے وہ خارجہ پالیسی یا سکیورٹی سے متعلق ہی کیوں نا ہو۔‘

دوسری جانب اسلام آباد میں اکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات پر ردعمل میں کہا ہے کہ جنرل ہیڈ کواٹرز (جی ایچ کیو) کو سیاسی قیادت کو اس طرح بلانا چاہیے اور نہ ہی سیاسی قیادت کو ایسی ملاقات میں جانا چاہیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے موقعے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ انہیں جی ایچ کیو میں ہونے والے ڈنر کا علم نہیں، لیکن ان کے خیال میں سیاسی قیادت کو گلگت بلتستان کے معاملے پر بلایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’گلگت بلتستان کا ایک سیاسی معاملہ ہے، جو پارلیمنٹ میں حل ہونا چاہیے جی ایچ کیو میں نہیں۔‘

تاہم سابق وزیراعظم نواز شریف کے بھائی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی لاہور میں ایک طویل پریس کانفرنس کی مگر انہوں نے آرمی چیف سے سیاسی قیادت کی ملاقات کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

گلگت بلتستان میں انتخابات کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ آرمی چیف بھی گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود گلگت بلتستان میں انتخابی مہم چلائیں گے۔

بلاول بھٹو نے اس پریس کانفرنس میں گلگت بلتستان کے انتخابات میں حصہ لینے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کیا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان