لکس سٹائل ایوارڈز 2020 میں بہترین ابھرتے فنکار کی کیٹگری میں نامزد ہونے والوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو اپنے خصوصی پیغام میں مسرت کا اظہار کرتے ہوئے دوسروں کو بھی تہنیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
ان افراد کا کہنا تھا کہ فنکار صرف فن کی قدر ہی چاہتا ہے اور ستائش ہی فنکار کے لیے بہت بڑا اعزاز ہوتی ہے۔
اگرچہ لکس سٹائل ایوارڈز کی انتظامیہ کی جانب سے یہ اعلان کر دیا گیا ہے کہ رواں سال ان اعزازات کا میلہ کرونا کی عالمی وبا کے سبب روایتی انداز میں نہیں سجے گا، تاہم نامزدگیوں کا عمل اور اس کے بعد ایوارڈ دیے جانے کا عمل بھی ہوگا۔
لکس سٹائل ایوارڈز کی نامزدگی میں ایک دلچسپ کیٹیگری ہے ’بیسٹ ایمرجنگ ٹیلنٹ‘ یعنی بہترین ابھرتا ہوا ستارہ۔ ڈرامے کے شعبے میں اس بار جن پانچ شخصیات کو نامزد کیا گیا ہے ان میں مشہورِ زمانہ ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کے رومی یعنی شیث سجاد گل ہیں۔
اگرچہ فیصلہ تو جیوری کے ہاتھ میں ہے تاہم اس ڈرامے کی مقبولیت اور خاص کر شیث کے کردار رومی کی عوامی پذیرائی کی وجہ سے ان کا پلڑا سب سے بھاری ہے۔
عثمان مختار ڈرامہ سیریل ’انا‘ کے کردار التمش کے لیے اس کیٹیگری میں نامزد ہوئے ہیں۔ ان کی جاندار ادا کاری کے سبب ان کے جیتنے کے امکانات بھی کافی روشن ہیں۔ تاہم انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے اپنے پیغام میں اپنی دوست نیمل خاور کے ساتھ نامزد ہونے پر زیادہ مسرت کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ جو سب سے زیادہ حقدار ہو وہ جیتے۔
اسی ڈرامہ سیریل ’انا‘ کی عزہ یعنی نیمل خاور کو اس کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے۔ نیمل خاور کی جب سے اداکار حمزہ علی عباسی سے شادی ہوئی ہے تب سے ان کی مقبولیت آسمان کی بلندی چھو رہی ہے اور اس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ گوگل کی جانب سے 2019 کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں جو نام سب سے زیادہ سرچ کیا گیا وہ ’نیمل خاور‘ تھا۔ اسی لیے اگر رومی کو کوئی ٹکر دے سکتا ہے تو وہ یہی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ہارون شاہد، شعیب منصور کی ہدایت میں بنی فلم ورنہ جس کی ہیروئین ماہرہ خان پہلی بار بڑی سکرین پر نظر آئے۔ ان کے بارے میں اس زمانے میں کچھ افراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ شعیب منصور نے انہیں اس لیے منتخب کیا کیونکہ ان میں جنید جمشید مرحوم کی شباہت ہے۔
تاہم اس بار انہیں ڈرامے کے لیے بہترین ابھرتے ہوئے فنکار کی کیٹگری میں ڈرامہ سیریل ’دو بول‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے جس پر وہ کافی مسرور ہیں۔
اس شعبے کی آخری نامزدگی صحیفہ جبار خٹک کی ہے جنہیں ڈرامہ سیریل ’بیٹی‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ صحیفہ جنہوں نے ماڈلنگ سے اپنے کام کا آغاز کیا تھا 2018 میں بہترین ابھرتی ہوئی ماڈل کا ایوارڈ جیت چکی ہیں لیکن اس بار نامزدگی ڈرامہ سیریل کے لیے ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ لکس سٹائل ایوارڈز کے قوانین کے تحت کسی بھی فنکار کو اپنے کام کے آغاز کے تین سال کے اندر اندر مذکورہ کیٹیگری میں نامزد کیا جاسکتا ہے۔