مزار قائد پر نعرے بازی: کیپٹن (ر) صفدر ضمانت پر رہا

کراچی میں ایک عدالت نے پیر کو مزار قائد ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزی پر گرفتار ہونے والے ن لیگ کی نائب صدر مریم صفدر کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ضمانت پر رہا کر دیا۔

(ویڈیو گریب)

کراچی میں ایک عدالت نے پیر کو مزار قائد ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزی پر گرفتار ہونے والے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور پارٹی کی نائب صدر مریم صفدر کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ضمانت پر رہا کر دیا۔

جوڈیل مجسٹریٹ نے ان کی ایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کی۔  پیر کی صبح مریم نواز نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ پولیس نے ان کے شوہر کو گرفتار کرلیا ہے۔ انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا تھا ’پولیس اس ہوٹل کے کمرے میں جہاں وہ رہ رہی تھیں زبردستی داخل ہوئی اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کرلیا۔‘ 

مریم نواز اور ن لیگ کے دیگر رہنما اتوار کو پاکستان جمہوری تحریک (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی آئے تھے۔ انہوں نے کل قائداعظم کے مزار پر فاتحہ خوانی بھی کی تھی۔ اس موقعے پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے مبینہ طور پر نعرے بازی کروائی جس کی ویڈیو نجی ٹیلی ویژن نیوز چینلز پر بھی چلی۔

وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’سندھ پولیس کا کیپٹن صفدر کی گرفتاری کا عمل قانون کے احترام کا بیانیہ ہے، قائد اعظم محمدعلی جناح کی قبر اور ان کا مزار کم ظرف سیاسی قیادت کے کھیل کا میدان نہیں ہر پاکستانی کےلیے مقدس جگہ ہے، قائد کے مزار پر اٹھکیلیاں ، نعرے بازی اور غیرسنجیدہ طرز عمل قانون کے خلاف ہے، سزا ہونی چاہیے۔‘

مریم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے وہ ویڈیو بھی شئیر کی جس میں ہوٹل کے دروازے کا توڑا گیا لاک دیکھا جا سکتا ہے۔ امن عامہ صوبائی معاملہ ہے لیکن صوبائی پولیس کے سربراہ کی تعیناتی مرکزی حکومت صوبے کی مشاورت سے کرتی ہے۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ سندھ پولیس کس کے کنٹرول میں ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اتحادی ہیں۔

ویڈیو وائرل ہونے پر متعدد حلقوں بشمول پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے رہنماؤں نے اس کی سخت مذمت کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بریگیڈ تھانے میں رکھا گیا ہے۔ مریم نواز اور ن لیگی رہنماؤں سمیت دو سو افراد پر قائداعظم کے مزار پر ہلڑبازی یا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کے مطابق گرفتاری حکومت سندھ کے دباو پر نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتاری پی ڈی ایم میں خلیج پیدا کرنے کی سازش ہے۔  

تاہم وفاقی وزیر برائے تعلیم و ثقافت، شفقت محمود کا اپنے ٹوئیٹر بیان میں کہنا ہے کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کیپٹن صفدر کو گرفتار کر کے اپنا فرض ادا کر دیا۔

مشیر برائے وزارت داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے بھی اس موضوع پہ ٹوئٹ کرتے ہوئے مریم نواز شریف کو مخاطب کیا اور کہا کہ سندھ پولیس  آپ کے موجودہ اتحادیوں کے کنٹرول میں ہے، یا تو آپ کے شوہر کی گرفتاری ڈرامہ ہے اور یا آپ دونوں اب بھی ایک دوسرے کے خلاف ہیں۔ حقیقت کیا ہے؟

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست