دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج کل دھند کا راج ہے۔ دو روز سے جاری شدید دھند نے جہاں عوام کو گھروں میں بیٹھ کر موسم کا مزا لینے کا موقع دیا ہے، وہیں کام اور روزی روٹی کی غرض سے گھروں سے باہر نکلنے والوں کے لیے مشکلات بھی کھڑی کر دی ہیں۔
لاہور شہر کی سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کافی کم ہے جبکہ لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے کے ساتھ ساتھ لاہور رنگ روڈ کو بھی دن کے ایک بڑے حصے کے لیے بند کر دیا جاتا ہے جبکہ جہازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بھی دھند نے الٹ پلٹ کر دیا ہے۔
لاہور ایئرپورٹ تک مشکل سے پہنچنے والے مسافر اور ان کے پیارے بھی ایئرپورٹ پر پریشان حال دکھائی دیے۔ ان میں محمد اکرم اور ان کا خاندان بھی شامل تھا جو پسرور سے اپنے بہنوئی کو چھوڑنے آئے تھے۔ انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے اکرم نے بتایا: ’ہم رات ساڑھے 12 بجے پسرور سے لاہور کے لیے نکلے تھے۔ راستے میں اتنی دھند تھی کہ کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ ہم صبح یہاں پہنچے۔ میرے بہنوئی کی صبح نو بجے کی دبئی کی فلائٹ تھی مگر اب وہ دوپہر ڈیڑھ بجے جائے گی۔ اب ہم تھک ہار کر واپس جارہے ہیں۔ بہنوئی کو ہم اندر چھوڑ آئے ہیں وہ وہاں انتظار کریں گے۔‘
دھند کے سبب علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جمعرات کی صبح اڑان بھرنے والی دبئی اور کراچی کی فلائٹس بھی ملتوی کرنا پڑیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایئرپورٹ کے باہر مسافروں کے انتظار میں کھڑے رکشہ ڈرائیوروں نے جہاں گھر سے ایئرپورٹ تک کا سفر مشکل سے طے کیا، وہیں وہ ایئرپورٹ کے باہر کھلے آسماں تلے کھڑے سردی سے ٹھٹھر رہے تھے۔ اسی سردی سے بچنے کے لیے انہوں نے ارد گرد سے سوکھی لکڑیاں اکٹھی کیں اور آگ جلا کر خود کو گرم رکھنے کا انتظام کیا۔
رکشہ ڈرائیورز، جن کا تعلق لاہور کے دور دراز علاقوں سے ہے، مسافروں کو لے کر ایئرپورٹ پہنچے تھے مگر اب یہاں سے سواری کے بغیر واپس جائیں گے تو نقصان اٹھائیں گے۔ انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صبح کے وقت اتنی دھند میں آنا مشکل ہے، ایکسیڈنٹ کا خطرہ ہوتا ہے اس لیے سارے راستے کپڑے سے رکشے کی سکرین صاف کرتے ہوئے آنا پڑتا ہے اور رفتار بھی کم سے کم رکھنی پڑتی ہے۔ مگر بیوی بچوں کے لیے روزی کمانے کے لیے اس خراب موسم میں بھی انہیں یہ خطرہ مول لینا پڑتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موسم جزوی طور پر آبر آلود رہنے کے ساتھ شہر میں صبح و شام کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ جمعرات کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سیلسیئس تک جائے گا جبکہ الصبح شہر کا کم سے کم درجہ حرارت تین ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
نمی کا تناسب صبح کے وقت 73 فیصد اور شام کے وقت 55 فیصد ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔ آئندہ دو روز تک موسم مزید سرد ہو گا جبکہ دھند بھی تسلسل سے برقار رہے گی۔