لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کو حادثہ: خاتون ہلاک، متعدد زخمی

کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس ٹرین ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات روہڑی کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی جس کے باعث ٹرین کی نو بوگیاں الٹ گئیں۔

(فائل فوٹو: اے ایف پی)

کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس ٹرین ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات روہڑی کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی جس کے باعث ٹرین کی نو بوگیاں الٹ گئیں۔

آئی جی ریلویز کے مطابق 25 سے 30 مسافر اس حادثے میں زخمی ہوئے۔ تاحال ایک خاتون مسافر کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

جائے حادثہ پر اندھیرے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا تاہم ریلیف ٹرین اب پہنچ چکی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اس معاملے پر آج اجلاس بلایا جائے گا نیز سیفٹی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن خود مانیٹر کیا ہے۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تین سے چار دن میں ملے گی جس کی روشنی میں اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈرائیور یا جو بھی غلطی کا مرتکب پایا گیا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ حادثہ کافی سنگین تھا، خدا کا شکر ہے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔‘

مقامی میڈیا کے مطابق ٹرین کی بحالی میں دس گھنٹے تک لگ سکتے ہیں جب کہ کھائی میں گر جانے والی بوگیاں تاحال نہیں اٹھائی جا سکیں۔

ریلوے حکام کے مطابق اپ اور ڈاؤن ٹریک کو بند کر دیا گیا، آدھا کلومیٹر ٹریک حادثے سے متاثر ہوا، حکام کا مزید کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں سمیت بھاری مشینری بھی جائے حادثہ پر پہنچائی جا رہی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حادثے کی وجہ سے کئی ڈاؤن ٹرینیں بھی حکام کی جانب سے روک دی گئی ہیں نیز ٹریک کی بحالی پر کام جاری ہے۔

ڈی سی او سکھر کامران لاشاری کے مطابق حادثہ مندو ڈیرو سانگی کے مقام پر پیش آیا ہے۔ ٹرین کی سات بوگیاں کھائی میں جا گریں جبکہ ایک بوگی پٹری سے اتری ہے۔

 ٹرین میں موجود ایک مسافر نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا ٹرین اچانک تیز رفتار پکڑ گئی، اسے کے بعد ہچکولے کھانے لگی اور پھر یہ حادثہ پیش آیا‘۔

ایک اور مسافر کے مطابق ’روہڑی سے ٹرین چلی تھی کہ دس سے پندرہ منٹ بعد زور دار جھٹکے لگے جس کے بعد ٹرین رک گئی۔‘

ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ ٹرین کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان