’یک طرفہ تبصروں کا مقصد مبینہ طور پر ریاستی اداروں کو بدنام کرنا ہے‘

پیمرا نے نجی ٹی وی چینلز کے نیوز اور حالات حاضرہ کے پروگرامز میں نیب کے حوالے سے کیے جانے والے تبصروں اور تجزیوں سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

پیمرا نے ٹیلی ویژن چینلز کو مواد غیر جانبدارانہ، مصدقہ، متوازن اور بامقصد بنانے کی بھی ہدایت کی ہے (اے ایف پی/ فائل فوٹو)

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینلز کے نیوز اور حالات حاضرہ کے پروگرامز میں نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو (نیب) کے حوالے سے کیے جانے والے تبصروں اور تجزیوں سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

بدھ کو جاری کیے جانے والے اس ہدایت نامے کے مطابق ’نیوز اور کرنٹ افیئرز کے ٹی وی پروگرامز میں نیب کے بارے میں تبصرہ کرنا سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔‘

پیمرا نے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو جاری کیے گئے انتباہ میں مزید کہا ہے کہ ’یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ خبروں اور حالات حاضرہ کے پروگرامز کے دوران نیب سے موقف لیے بغیر غیر مصدقہ اور یک طرفہ تبصرے کیے جاتے ہیں جس کا مقصد مبینہ طور پر ریاستی اداروں کو بدنام کرنا ہے۔‘

پیمرا کے ہدایت نامے کے مطابق ’ایسے غیر مصدقہ اور یک طرفہ تبصرے سپریم کورٹ کے احکامات کی بھی خلاف ورزی ہیں اور پیمرا اس سے قبل بھی زیر التوا مقدمات پر تبصرے کرنے سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کر چکا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس ہدایت نامے میں پیمرا کا مزید کہنا تھا کہ ایسا مواد نشر کرنا پیمرا قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ قوانین کے مطابق لائسنس ہولڈرز اور اینکر پرسنز پر لازم ہے کہ ’زیر سماعت مقدمات اور تحقیقات پر پروگرامز میں تبصرے کرنے اور تجزیے دینے کے بجائے ان کا مقصد عوام تک معلومات پہنچانا ہو۔‘

پیمرا نے ٹیلی ویژن چینلز کو مواد غیر جانبدارانہ، مصدقہ، متوازن اور بامقصد بنانے کی بھی ہدایت کی ہے جبکہ میڈیا ہاؤسز کو اپنے چینلز پر نشر ہونے والے مواد کا ایڈیٹوریل جائزہ لینے کا بھی کہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان