کرونا صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید سخت فیصلے کریں گے: اسد عمر

این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کے مطابق گذشتہ 12 دنوں میں پاکستان کے ہسپتالوں میں کرونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں ایک ہزار سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ تعداد 1800 سے کچھ اوپر تھی جو اب 2800 سے بڑھ چکی ہے۔

(اے پی پی)

این سی او سی کے سربراہ وفاقی وزیر اسد عمر کے مطابق اگر پاکستان میں کرونا کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید سخت فیصلے کرنا پڑیں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے دو ہفتے پہلے پابندیوں میں اضافہ کیا گیا تھا، پابندیاں خوشی سے نہیں لگاتے، اب ملک میں کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور خطرناک حد تک پھیل چکا ہے، اس کی وجہ برطانیہ میں سامنے آنے والی وائرس کی نئی قسم ہے۔ گذشتہ 12 دنوں میں پاکستان کے ہسپتالوں میں کرونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں ایک ہزار سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ تعداد 1800 سے کچھ اوپر تھی جو اب 2800 سے بڑھ چکی ہے۔

اسد عمر کے مطابق کرونا کی تیسری لہر میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، پچھلے بارہ دن میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا، اگر اسی رفتار سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہا تو پاکستان میں کیسز پہلی لہر کے لیول سے بھی اوپر چلے جائیں گے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز گزشتہ سال کرونا کی پہلی لہر میں 22 جون کے بعد سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ وبا کا پھیلاؤ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں تیزی سے ہورہا ہے، بھارت میں بھی تیزی سے وبا پھیل رہی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کوشش ہےکہ لوگوں کے روزگار کا نقصان نہ ہو، اگر ہم نے فوری اقدامات نہ کیے تو ایسی صورتحال ہوسکتی ہےکہ مزید بندشیں لگانا پڑیں اس لیے  اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان میں کرونا کے اعداد و شمار بتانے والی سرکاری ویب سائٹ  کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 44279 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4468 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ 67 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد رہی جب کہ کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14158 ہوگئی اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 49824 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 42384 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2137 مریض کرونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 593282 ہوگئی ہے۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 55056 ہے اور اب تک 557 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان