رواں ماہ سری لنکا سے پاکستان آنے والے بدھ مت پیشواؤں نے گندھارا تہذیب کے مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کرنے کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے ایک پرکشش ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ زائرین کی آمد مستقبل میں پاکستان کی مذہبی سیاحت کو ناقابل یقین فروغ دے سکتی ہے۔
سری لنکا سے تعلق رکھنے والے 12 رکنی وفد نے اپنے دورے کا آغاز 19 اپریل کو لاہور کے عجائب گھر اور چند دیگر تاریخی مقامات سے کیا، جس کے بعد خیبر پختونخوا حکومت کی اجازت پر انہیں صوبے کے تاریخی مقامات کا اجازت نامہ اور سکیورٹی فراہم کی گئی۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ سیاحت کے مطابق، بدھ مت پیشواؤں نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاحت زلفی بخاری، سیکریٹری محکمہ سیاحت عابد مجید، ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد خیبر پختونخوا کی ہمراہ 24 اپریل کو ضلع مردان میں گندھارا تہذیب کی باقیات کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس کے بعد وہ سوات میں دیگر بدھ مت خانقاہوں کی زیارت کے لیے روانہ ہوئے۔
وفد میں شامل ایک پیشوا سجیت نے کہا کہ انہیں علم نہیں تھا کہ پاکستان میں اس قدر شاندار تاریخی مقامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ بدھ مت تہذیب کی باقیات دیکھنے کے لیے دنیا کے بیشتر ممالک کا دورہ کر چکے ہیں لیکن پاکستان ان میں سرفہرست ہے۔
’ہم نے پاکستان میں بدھ مت تہذیب کے تاریخی مقامات کا دورہ کیا، جن میں بعض حیران کن حد تک خوبصورت اور روحانی کشش رکھتے ہیں۔ مجھے محسوس ہوا کہ مجھے یہاں بہت پہلے آنا چاہیے تھا۔‘
اس موقعے پر زلفی بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں ’خیبر پختونخوا حکومت کو بہترین سیاحتی پالیسی کی وجہ سے غیر ملکی سیاح پاکستان لانے پر‘ مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی سوچ کے مطابق پاکستان 2022 تک دنیا کی سب سے بڑی گندھارا ٹریل مکمل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’یہ گندھارا ٹریل دنیا کی سب سے بڑی ٹریل ہوگی۔ ان لوگوں کی دنیا بھر میں بہت بڑی برادری اور نیٹ ورک ہے۔ ان کی مدد سے ہی یہ ٹریل مکمل ہوگی۔
’ہماری ان سے درخواست ہے کہ یہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور پاکستان کو فائدہ پہنچائیں۔‘
مردان کے علاقے تخت بائی اور سوات کا دورہ کرنے سے قبل سری لنکن وفد نے لاہور، خان پور، ٹیکسلا اور دیگر مقامات کا دورہ بھی کیا۔
انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران خان پور بھمالہ سائٹ پر خیبر پختونخوا حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور صوبے کی سیاحتی پالیسی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وفد کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ سیاحت نے نہ صرف سری لنکا بلکہ دیگر ممالک سے بھی مذہبی پیشواؤں کی یہاں آمد آسان کر دی ہے۔