برطانوی اخبار ’دا سن‘ نے اتوار کو ایک خبر شائع کی ہے جس کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور ان کی منگیتر کیری سمنز نے خاندان کے لوگوں اور دوستوں کو اپنی شادی کے دعوت نامے بھیج دیے ہیں.
دعوت نامے کے مطابق یہ شادی 30 جولائی، 2022 کو ہو گی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے اخبار کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم بورس جانسن اور کیری کی شادی کا مقام مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا ہے۔
56 سالہ بورس جانسن اور ان کی 33 سالہ گرل فرینڈ کیری نے فروری 2020 میں کہا تھا کہ ان کی منگنی ہو چکی ہے اور وہ شادی کریں گے۔
وہ 2019 میں بورس جانسن کے وزیراعظم بننے کے بعد سے سرکاری رہائش گاہ ڈاؤننگ سٹریٹ میں اکٹھے رہ رہے ہیں۔
جوڑے کا ایک بیٹا ولفریڈ لاری نکولس جانسن ہے جو گذشتہ سال پیدا ہوا۔
بورس جانسن اپنے بے ترتیب حلیے اور پرجوش انداز گفتگو کی وجہ سے مشہور ہیں۔ ان کی پہلی شادی الیگرا موسٹن اووین نامی خاتون سے 1987 میں ہوئی جس کا اختتام 1993 میں ہوا۔
جانسن نے 1993 میں مرینا ویلر سے شادی کی جن کے ساتھ ان کے چار بچے ہیں۔ جوڑے نے ستمبر 2018 میں اعلان کیا تھا کہ ان کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے اور شادی کے 25 سال بعد ان میں طلاق ہو جائے گی۔
’دی انڈپینڈنٹ‘ کے مطابق بورس جانسن برطانیہ کے 250 سال میں وزیر اعظم کے عہدے پر برقرار رہتے ہوئے شادی کرنے والے پہلے برطانوی وزیراعظم بنیں گے۔
بورس جانسن اور کیری کے درمیان معاشقے کا آغاز2018 سے ہوا تھا۔
کیری کون ہیں؟
کیری ’دی انڈپینڈنٹ‘ کے شریک بانی میتھیو سمنز اور پیشے کے اعتبار سے وکیل جوزیفین میکیفی کی بیٹی ہیں۔
وہ 17 مارچ، 1988 کو پیدا ہوئیں اور جنوب مغربی لندن میں پلی بڑھیں۔
ان کے دادا جان بیون، بیرن آرڈوک اخباروں کے ایڈیٹر اور لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے یورپی پارلیمنٹ کے رکن تھے۔
کیری نے یونیورسٹی آف وارک میں تھیٹر کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد کنزرویٹو پارٹی کے ترجمان کی حیثیت سے کام کا آغاز کیا۔
کنزرویٹو کیمپین ہیڈ کوارٹرز میں کام کرتے ہوئے انہوں نے لندن کے میئر کا الیکشن لڑنے کے لیے 2010 میں بورس جانسن کو پارٹی کی طرف سے منتخب کیے جانے کے لیے مہم چلائی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مستقبل کے وزیراعظم کو 2012 میں میئر کا الیکشن لڑنے کے لیے چن لیا گیا۔
کیری نے اپنے کیریئر کے دوران وزیر ثقافت جان وٹنڈیل کے لیے بھی کام کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے سابق برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید کے لیے خصوصی میڈیا مشیر کے طور پر اس وقت فرائض انجام دیے جب وہ ڈپارٹمنٹ فار کمیونیٹیز اینڈ لوکل گورنمنٹ میں تھے۔
2018 میں 29 سال کی عمر میں کیری کنزرویٹو پارٹی کے شعبہ مواصلات کی سب سے کم عمر سربراہ بن گئیں۔
وہ 2018 میں یہ عہدہ چھوڑ کر ’اوشیانا‘ کی افسرتعلقات عامہ بنیں، اوشیانا آبی حیات کے لیے کام کرنے والی فلاحی تنظیم ہے۔
اوشیانا کی ویب سائٹ پر بتایا گیا کہ کیری ’سمندروں اور سمندری حیات کے تحفظ کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ وہ خاص طور پر پلاسٹک سے پھیلنے والی آلودگی کم کرنا چاہتی ہیں۔‘
ان کی ٹوئٹر پروفائل میں انہوں نے اپنا تعارف ’تحفظ کے لیے سرگرم شخصیت‘ کے طور پر کروایا ہے، اور وہ اکثر پلاسٹک سے پھیلنے والی آلودگی اور ماحول کے بارے میں معلومات شیئر کرتی رہتی ہیں۔
کیری نے اپنے پلیٹ فارم کو خواتین کے ختنے جیسے مسائل پر بات کے لیے بھی استعمال کیا۔
جوڑے کی ملاقات کیسے ہوئی؟
’دی انڈپینڈنٹ‘ یہ تو واضح نہیں کہ جوڑا آپس میں کب ملا تھا لیکن ان کے درمیان تعلق کی تصدیق اس وقت جلد ہو گئی جب بورس جانسن نے ستمبر 2018 میں اعلان کیا کہ ان کی 25 سال مرینا ویلر کے ساتھ شادی ختم ہوگئی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم کا پانچواں بچہ شادی کے بغیر تعلق کے نتیجے میں 2009 میں پیدا ہوا تھا۔
بورس جانسن کا کیری سے پیدا ہونے والا بچہ چھٹا ہو گا جس کا انہوں نے عوامی سطح پر اعتراف کیا ہے۔
مانا جاتا ہے کہ ممکن ہے کہ بورس جانسن نے شادی کے بغیر پیدا ہونے والے ایک بچے کی پرورش کی ہو۔
کیری جولائی 2019 میں بورس جانسن کے ساتھ رہنے کے لیے ڈاؤننگ سٹریٹ منتقل ہو گئی تھیں۔
اس طرح وہ اس رہائش گاہ میں منتقل ہونے والی وزیراعظم کی پہلی غیرشادی شدہ پارٹنر بن گئیں۔