پاکستان کی خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ میں تیسرے ایک روزہ میچ میں زبردست مقابلے میں آخری گیند پر نہ صرف میچ بلکہ سیریز بھی برابر کر دی۔
بینونی میں ولومور پارک میں کھیلے گئے اس 50 اوروں کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم نے مقررہ اورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز سکور کیے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ سکور ایس لوس نے کیا جنہوں نے 80 رنز بنائے، جبکہ ایل لی اور ایل ولوارڈ نے ففٹیاں سکور کیں۔
پاکستانی بولروں میں عالیہ ریاض نے دس اوروں میں 49 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سابق کپتان ثنا میر، ندا ڈار اور ناشرا ساندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ کی اننگز کے جواب میں پاکستانی خواتین بلے بازوں نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ انہیں آخری اوور میں نو وکٹوں کے نقصان پر جیتنے کے لیے 12 رنز چاہیے تھے لیکن سدرہ نواز اور ناشرہ کی جوڑی 11 رنز سکور کر سکیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی یہ سیریز اب برابری پر ختم ہوگئی ہے۔
پاکستان نے پہلا ایک روزہ میچ آٹھ وکٹوں سے جبکہ جواب میں جنوبی افریقہ نے دوسرا میچ آٹھ وکٹوں سے اپنے نام کر لیا تھا۔
اس طرح آئی سی سی چیمپین شپ میں پاکستان کے 15 جبکہ جنوبی افریقہ کے 16 پوائنٹس ہوئے ہیں۔
ویمن چیمپیئن شپ کے دوسرے ون ڈے میں پاکستانی آف سپنر ثنا میر نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی خواتین بولروں کی فہرست میں جگہ بنالی تھی۔
ثنا میر نے جنوبی افریقہ کی کھلاڑی اینڈری اسٹین کو آؤٹ کرکے اپنے کیریئر کی 146 ویں وکٹ حاصل کی تھی۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی سپنر انیسہ محمد اور آسٹریلیا کی لیسا استالیکر نے بھی 146,146 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
تیسرے میچ میں ثنا میر نے ایس لوس کی اہم وکٹ لے کر خواتین کے ایک روزہ میچوں میں سب سے کامیاب سپنر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
پاکستانی آل راونڈر عالیہ ریاض کو دو وکٹیں لینے اور 71 رنز بنانے پر پلیئر آف دا میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔