بریک اپ بلاشبہ ایک تلخ تجربہ ہوتا ہے۔ آپ اپنے سابقہ محبوب کی برائی کر سکتے ہیں اسے برا بھلا کہہ سکتے ہیں۔ اپنی تعریف میں صبح شام زمین آسمان کے قلابے ملا سکتے ہیں لیکن اس بات سے انکار ممکن نہیں کہ کسی چاہنے والے سے راہیں جدا کرنا ایک تکلیف دہ عمل ہوتا ہے۔
لیکن یہ درد کب تک محسوس ہوتا ہے؟
گائے ونچ ایک ماہر نفسیات ہیں اور اس تمام صورتحال کو اپنی کتاب ’ہاؤ ٹو فکس اے بروکن ہارٹ‘ میں تفصیل سے بیان کرتے ہیں۔
وہ دل ٹوٹنے کے حوالے سے کئی وہموں کو جھٹلاتے ہیں۔ عام طور پر یہی سمجھا جاتا ہے کہ نئے جز وقتی محبوب کی تلاش میں نکل پڑنا یا اپنی پسند کی چاکلیٹ کھا لینا آپ کو بریک اپ کا غم بھولنے میں مدد دے سکتا ہے لیکن ایسا نہیں ہے۔
ونچ کے مطابق بریک اپ ہمیں ہماری سوچ سے بھی زیادہ متاثر کرتا ہے۔ انہوں نے دی انڈپینڈنٹ کو بتایا : ’فنکشنل ایم آر آئی برین سکین تحقیق کے مطابق ایک رومانوی تعلق سے باہر آنا ہمارے دماغ پر ایسے ہی اثر کرتا ہے جیسے کوئی کوکین کا شوقین ایک دم اس کا نشیہ کرنے سے پرہیزکرنے لگے۔‘
’ دوسرے الفاظ میں محبت اور بریک اپ انسان کو ایک سخت اور کربناک شکست کی کیفیت سے گزارتے ہیں۔‘
ونچ بتاتے ہیں :’ہم اپنے سابقہ محبوب کو اس طرح یاد کرتے ہیں جیسے وہ کوئی نشہ آور چیز ہو جس سے ہمیں محروم رکھا جا رہا ہو۔‘
اس لیے یہ اکثر کوئی اور دوست ڈھونڈنے میں بھی مشکلات پیدا کرتا ہے۔ کیونکہ ہم ہر ایک میں اپنے سابقہ محبوب کی خوبیاں تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور خود کو یہ یقین دلانے کی کوشش کرتے ہیں کہ ان کے بارے میں ہمارا گمان ہی درست ہے جبکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا۔
گائے ونچ زور دیتے ہیں کہ :’ہمارے اپنے سابقہ محبوب کے بارے میں خیالات متوازن اور حقیقت پر مبنی ہونے چاہییں۔ اگر آپ کا دماغ آپ کو محبوب کے ساتھ گزرے اچھے وقت کی یاد دلاتا ہے تو اس کے ساتھ ساتھ آپ وہ وقت بھی یاد کرنے کی کوشش کریں جس میں آپ افسردہ تھے۔‘
اگر آپ اس کے پر کیف لمس کی خواہش کر رہے ہیں تو ساتھ یہ بھی یاد کریں کہ کس طرح آپ کو کئی بار ٹھکرایا گیا اور دور بیڈ کے کونے پر سونے کے لیے مجبور کیا گیا۔‘
جو یہ سب کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتے ان کو ونچ مشورہ دیتے ہیں کہ وہ ایک فہرست مرتب کریں جس میں ایسی تمام وجوہات لکھی جائیں جو بتاتی ہوں کہ یہ رشتہ کیوں نہ چل سکا۔
بریک اپ سے نجات پانے کا ایک اور راستہ ٹھکرائے جانے کا خیال بھی ہو سکتا ہے۔ یعنی اس قابل ترس حالت میں دن بھر یہ سوچا جائے کہ آپ کو اداس چھوڑ کر جانے والا شخص خود اپنی زندگی میں کتنا خوش ہے۔
کسی کی جانب سے بریک اپ ہونے سے بہتر یہ نہیں کہ آپ خود اس سے بریک اپ کریں؟
ونچ کہتے ہیں اس علیحدگی کے تصور کو سمجھنا بریک اپ کے اثر سے باہر نکلنے کے لیے بہت ضروری ہے۔
ہو سکتا ہے بریک اپ کا شکار ہونے والے شخص کو یہ اچانک محسوس ہو، لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ ان کا پارٹنر اس رشتے میں کافی لمبے عرصے سے ناخوش ہو۔
گائے ونچ کہتے ہیں، ’جس وقت بریک اپ ہوتا ہے وہ پہلے ہی اس رشتے کو ختم تصور کر چکے ہوتے ہیں۔ لیکن بریک اپ کا شکار شخص ابتدائی طور پر اس حوالے سے شدید رنج و غم کا شکار ہوتا ہے۔‘
’لوگ اکثر یہی سوچتے ہیں کہ کہ ان کا سابقہ محبوب بہت خاص اور بہت پیار کرنے والا ہے لیکن پھر ایک دم جب انہیں چھوڑا جاتا ہے تو وہ صدمے کا شکار ہو جاتے ہیں۔ کیونکہ ان کے محبوب صرف محبت کرنے کی اداکاری کر رہے ہوتے ہیں لیکن انہوں نے ابھی تک پلگ کھینچنے کا فیصلہ نہیں کیا ہوتا کیونکہ فی الحال وہ ایسا نہیں کرنا چاہتے۔
دل ٹوٹنے کے صدمے سے نبٹنے کے لیے چند اقدامات جو انسان کو اس گہری کھائی میں گرنے سے بچاتے ہیں، ان میں سے چھ درج ذیل ہیں۔
یہ طریقے انسان کو دل ٹوٹنے کے صدمے سے فوری نجات دلانے میں مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں:
1: سابقہ محبوب کے سوشل میڈیا سے دور رہیں، یہ آپ کے دماغ میں سابقہ محبت کا جذبہ جگا سکتا ہے اور آپ کے لیے اسے بھولنا مشکل بنا سکتا ہے۔
2: اپنے ختم تعلق کے بارے میں پراسراریت پیدا کرنے سے گریز کریں۔ یہ آپ کی سابقہ محبت کو اور اہم کردار عطا کرتا ہے جب کہ آپ ان کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش میں مصروف ہونے چاہیئں۔ کسی بھی ایسی وجہ کو قبول کر لیں جو آپ کی عزت نفس کو بحال رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ یہی سوچیں کہ وہ شاید اس رشتے کو نبھانا ہی نہیں چاہتے تھے یا وہ حقیقت میں وہ نہیں تھے جو آپ انہیں سمجھتے تھے۔
3: ان سمجھوتوں کی ایک فہرست مرتب کریں جو آپ نے اس رشتے میں کیے تھے اور آپ مستقبل میں ایسا نہیں کرنا چاہیں گے۔
4: خود کو ان چیزوں میں مگن کریں جو آپ کو محظوظ کرتی ہیں چاہے اب آپ کو وہ پسند ہوں یا نہیں، چاہے آپ لطف اندوز نہ ہوں لیکن ایسا کرنے سے آپ خود کو یہ سمجھا رہے ہیں کہ زندگی آگے بڑھتی رہتی ہے۔
5: ان تمام چیزوں سے جان چھڑا لیں جو آپ کو اس رشتے کی بار بار یاد دلا سکتی ہوں۔ تمام تصویریں، ٹیکسٹ پیغامات وغیرہ ڈیلیٹ کر دیں تاکہ آپ ذہنی اذیت کا شکار ہونے سے محفوظ رہیں۔
6: اپنے دوستوں سے ملیں ان کے ساتھ گھومیں پھریں۔ دل کا ٹوٹنا ایک ہمہ گیر مسئلہ ہے جو ہر انسان کے ساتھ پیش آتا ہے اور سب کے پاس اس سے نبٹنے کے اپنے طریقے اور حکمت ہوتی ہے جو وہ خوشی سے سکھاتے ہیں۔