مشہور ٹی وی سیریز گیم آف تھرونز کے پرستاروں نے شو کے جاری آٹھویں اور آخری سیزن کو دوبارہ بنانے کی پیٹیشن شروع کر دی ہے۔
اس خبر کے شائع ہونے تک ویب سائٹ چینج ڈاٹ آرگ پر پوسٹ کیے گئے اس پیٹیشن کے حق میں دو لاکھ 71 ہزار سے زائد دستخط ہو چکے ہیں۔
ڈیلن ڈی نامی شخص کی جانب سے شروع کیے گئے اس پیٹیشن میں لکھا ہے: ’یہ سیریز ایک ایسے آخری سیزن کی مستحق ہے جس کا کوئی تکُ ہو۔‘
انہوں نے لکھا: ’میری امیدوں کو الٹ دو اور ایسا کر کے دکھاو ایچ بی او۔‘ گیم آف تھرونز کی سیریز امریکہ میں ایچ بی او چینل پر نشر ہوتی ہے۔
دنیا میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا یہ شو اب اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ اس کی آخری قسط اتوار کو نشر ہوگی۔
البتہ جہاں گیم آف تھرونز کے جاری آٹھویں سیزن کو بہت دیکھا جارہا ہے، وہیںشو کے پرستار کافی مایوس بھی ہیں۔
سیریز کی سب سے حالیہ قسط ’دا بیلز‘ کافی باعثِ تنازع رہی زیادہ تر مرکزی کردار ڈنیریز ٹارگیرین کی بدلتی سٹوری لائین کی وجہ سے جنہوں نے اس قسط میں بہت تباہی مچادی۔
اس سے قبل بھی گیم آف تھرونز کو کافی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا جب ایک گتے کا کافی کپ اس سیزن کی چوتھی قسط ’دا لاسٹ آف دا سٹارکس‘ میں غلطی سے شوٹنگ کے دوران پڑا رہ گیا۔
جہاں ایچ بی اور کے مطابق، ’دا بیلز‘ اس سیریز کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی قسط ہے جسے ایچ بی او کے تمام پلیٹ فارمز پر ایک کروڑ 84 لاکھ لوگوں نے دیکھا، وہیں فلموں اور شوز پر تبصرہ اور ریٹنگ کرنے والی ویب سائٹ روٹن ٹماٹوز پر ’دا بیلز‘ کی ریٹنگ 47 فیصد ہے۔ یہ گیم آف تھرونز کی تاریخ میں سب سے کم ریٹنگ حاصل کرنے والی قسط ہے۔