معروف برطانوی گروپ ’دی انڈپینڈنٹ‘ نے فارسی زبان میں اپنی ویب سائٹ کی سافٹ لانچ کا اعلان کردیا۔
یہ ویب سائٹ سعودی ریسرچ اینڈ مارکیٹنگ گروپ (ایس آر ایم جی) کے پراجیکٹ کا حصہ ہے، جس نے برطانوی ادارے ’دی انڈپینڈنٹ‘ کے ساتھ اس ویب سائٹ کو عربی، ترکی، اردو اور فارسی میں لانچ کرنے کی غرض سے معاہدہ کیا تھا۔
’انڈپینڈنٹ فارسی‘ کا اجرا اس منصوبے کا چوتھا مرحلہ ہے۔ اس سے قبل عربی، ترکی اور اردو زبان میں ویب سائٹس کا اجرا ہوچکا ہے۔
کیمیلیا انتخابیفرد انڈپینڈنٹ فارسی کی ایڈیٹر اِنچیف ہیں، جو صحافتی میدان میں وسیع تجربہ رکھنے کے ساتھ ساتھ سیاسی تجزیہ کار اور ریسرچر بھی ہیں۔ وہ عربی اور ایرانی حالات حاظرہ پر بھی گہری نظر رکھتی ہیں۔
دیگر تجربہ کار صحافی بھی اس پروجیکٹ کا حصہ بن چکے ہیں، جس کا دفتر نیویارک شہر میں ہے۔
اس موقع پر ایس آر ایم جی کے چیئرمین عبد الرحمن الرويتع نے اپنے پیغام میں کہا: ’انڈپینڈنٹ فارسی کا اجرا، دی انڈپینڈنٹ کو دیگر زبانوں میں لانچ کرنے کے کثیر اللسانی پراجیکٹ کا چوتھا اور آخری مرحلہ ہے۔ ہم نئی ویب سائٹ کے اجرا کے بارے میں نہایت پُرجوش ہیں۔ اس سے فارسی زبان کے قارئین کو دنیا بھر کے بارے میں متنوع اور انتہائی باوثوق خبروں کی رسائی میں مدد ملے گی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس منصوبے سے خطے میں مواد کی تخلیق کو بہتر بنایا جا سکے گا۔‘