ہونڈا سٹی مارکیٹ میں آ کے بھی نہیں آئی۔ 2021 کا ماڈل 2022 اپریل میں جا کے ملا تو کیا ملا؟
جب میں سہیل بھائی کے ساتھ ویڈیو شوٹ کرنے پہنچا تو پہلا سوال ادھر موجود مینیجمنٹ سے یہی کیا کہ گاڑی اگر میں آج بُک کرواؤں تو مجھے ملے گی کب؟
جواب حیران و مایوس کن تھا۔ انہوں نے کمپیوٹر پہ اپ ڈیٹڈ تاریخیں دکھائیں کہ جو ڈیلیوری پہلے اکتوبر نومبر 2021 میں ہو جانی تھی وہ اب جا کے 31 مارچ 2022 میں ہو گی۔
گاڑی کی ہوا بہرحال مارکیٹ میں بنی ہوئی ہے۔ سننے میں آ رہا ہے کہ اس کا اون تین سے چار لاکھ کے درمیان ہو گا۔ یار بات سمجھ میں بھی آتی ہے۔ 12 لاکھ سے میں جو گاڑی بک کرواؤں اور نو یا 10 مہینے میرا پیسہ ادھر پھنسا رہے تو مجھے کس بات کا ثواب ہے؟
گاڑی نہ ہوئی ٹوکیو اولمپکس ہو گئے، کھیل 2021 میں رہے ہیں اور نام اولمپکس 2020 کا دیا ہوا ہے! یا پھر ہونڈا لیٹ ڈیلیوری پہ کمپنسیشن دے جیسے ہنڈائی نے ابھی ٹوساں کے معاملے میں کیا ہے۔
جو بات مجھے سمجھ آتی ہے وہ یہ کہ بنیادی ویرینٹ جو ہونڈا آفر کر رہی ہے 1.2 مینوئل ٹرانسمیشن والی سٹی، چپ کر کے وہ بُک کروا لی جائے، اس نے مارکیٹ توڑنی ہے اور نہ وہ یارس کے مقابلے میں زیادہ مہنگی پڑے گی اور فیول ایوریج بھی شاید ان سب میں سے اسی کی بہتر ہو۔
باقی اوور آل نئی ہونڈا سٹی کو دیکھ کے ہونڈا گریس ہی یاد آتی ہے۔ ہونڈا گریس والی شکل کے ساتھ اگر آپشنز بھی ویسی ہوتیں تو یارس کیا، یہ والی سٹی نئی کرولا کو بھی پیچھے چھوڑ جاتی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ لکھتے ہوئے بھی میں سوچ رہا ہوں کہ اگر پرائس بریکٹ یہی رکھنی ہے جو فلی لوڈڈ سٹی کی ہے (32 لاکھ) تو میں وہی دو تین سال پرانی گریس کیوں نہ لے لوں؟
تھوڑی چلی ہوئی ہو گی لیکن اس میں جو انٹیریئر کا فنش ہے پیانو بلیک والا، جو اس کی ہیٹڈ سیٹس ہیں اور سب سے بڑی بات جو ہائبرڈ پن ہے اس کا، فیول ایوریج 19 بیس کلومیٹر کے آس پاس بنتی ہو گی اور میڈ ان جاپان بھی ہونی ہے!
تو خیر، کُل ملا کے نئی والی سٹی پرانی اور پہلے دیکھی ہوئی سی لگی۔ پرانی ہونے کے باوجود اپنے کمپیٹیشن یارس سے اس کا فرق دو سے پونے تین لاکھ تک کا ہے، یعنی مہنگی ہے۔
سٹی کی ایک مارکیٹ ہے، اپنی کلاس ہے جو اسے استعمال کرنا پسند کرتی ہے۔ ان لوگوں نے پھر بھی یہی لینی ہے۔ باقی باہر والوں کو بہرحال یہ مشورہ دیا جا سکتا ہے کہ بھائی، بکنگ سے پہلے سارے نفع نقصان کا حساب لگا لیجیے۔