ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح کا سہرا شاہین آفریدی اور فواد عالم کے سر

پاکستان نے جمیکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کردی  جس میں شاہین شاہ آفریدی اور فواد عالم کا اہم کردار رہا۔

میچ جیتنے پر شاہین شاہ آفریدی اور نعمان علی (اے ایف پی)

جمیکا میں ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی فتح کے ہیرو فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور فواد عالم رہے جن کی شاندار کارکردگی نے ویسٹ انڈیز کو آؤٹ کلاس کردیا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں زبردست بولنگ سپیل کرنے والے شاہین آفریدی دوسری اننگز میں بھی ویسٹ انڈین بلے بازوں پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے اور چار وکٹ لے کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے پہلی اننگز میں خطرناک بولنگ کرتے ہوئے چھ کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔ اس طرح انہوں نے میچ میں 94 رنز دے کر 10 وکٹیں حاصل کیں۔

جمیکا کے کنگسٹن سبائنا پارک میں دوسرے ٹیسٹ میچ کا پانچواں دن پاکستانی بولرز کے نام رہا جنہوں نے توقعات کے مطابق بولنگ کی اور دوسرا ٹیسٹ 109 رنز سے جیت لیا۔

میچ کے پانچویں دن ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز ایک وکٹ کے نقصان کے بعد 49 رنز پر دوبارہ شروع کی تو الزاری جوزف جلد ہی شاہین شاہ کا نشانہ بن گئے۔

ویسٹ انڈیز کے مزید دو وکٹیں بھی جلد ہی گر گئیں جب حسن علی نے بونر اور چیس کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کردیا۔

تاہم اس کے بعد ویسٹ انڈیز کپتان بریتھویٹ اور بلیک ووڈ نے کچھ مزاحمت کی۔ بریتھویٹ نے بہت محتاط انداز سے کھیلے لیکن وہ نعمان علی کی گیند پر فواد عالم کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 39 رنز بنائے۔ بلیک ووڈ کی وکٹ بھی نعمان علی نے حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کے دفاع کی آخری امید جیسن ہولڈر اور کارل مائر تھے دونوں نے کافی دیر مزاحمت کی لیکن مائر کو 32 رنز پر شاہین شاہ نے آؤٹ کردیا، جبکہ ہولڈر نعمان علی کی گیند پر ڈرائیو کرتے ہوئے فواد عالم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے بہتر بیٹنگ کی اور 47 رنز سکور کیے ۔

ویسٹ انڈیز کے باقی دو وکٹیں بھی جلد ہی گر گئیں۔ کیماروچ کو شاہین شاہ نے ایل بی ڈبلیو اور ڈاسلوا کو فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 219 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں پاکستان نے دوسرا ٹیسٹ میچ 109 رنز سے جیت کر سیریز برابر کردی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان ٹیم  نے دو ٹیسٹ سیریز میں پہلے ٹیسٹ کی شکست اور پھر اس ٹیسٹ میں دو رنز پر تین وکٹ کھونے کے بعد جس طرح دوبارہ میچ میں اپنی واپسی کی وہ قابل تعریف ہے۔ اس کا سب سے زیادہ کریڈٹ فواد عالم کو جاتا ہے جن کی ذمہ دارانہ سنچری نے بولرز کو پلیٹ فارم مہیا کیا جس کا پورا فائدہ شاہین شاہ نے اٹھایا اور جیت کو ممکن بنادیا۔

شاہین شاہ آفریدی کی شاندار بولنگ

اس سیریز میں شاہین شاہ آفریدی نے 18 وکٹ لے کر محمد عباس کا 17 وکٹ کا ریکارڈ توڑ دیا۔

انہوں نے پوری سیریز میں بہت عمدہ بولنگ کی اور ان کی بولنگ پر ویسٹ انڈیز بیٹنگ لائن بہت پریشان نظر آئی۔ ان کی رفتار اور لائن لینتھ لاجواب تھی۔

میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا انعام ملنے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے اس کارکردگی کو بڑے بھائی سابق ٹیسٹ کرکٹر ریاض آفریدی کے نام کردیا جن کی محنت اور توجہ سے وہ آج اس مقام پر ہیں۔

پاکستان کی کمزوریاں

پاکستان ٹیم کی بیٹنگ اس سیریز میں ایک بار پھر بہت کمزور نظر آئی۔ ایک کمزور بولنگ اٹیک کے خلاف پاکستان ٹاپ آرڈر مسلسل ناکام رہا۔ اوپنر عمران بٹ اور عابد علی کے لیے شاید یہ آخری موقع تھا جس میں وہ یکسر ناکام رہے۔

اظہر علی بھی اب ریڈار پر آگئے ہیں وہ بھی کوئی اچھی اننگز نہ کھیل سکے۔

پاکستان کی طرف سے فواد عالم نے عمدہ بیٹنگ کی جبکہ بابر اعظم بھی ایک اچھی اننگز کھیل گئے۔  

فواد عالم اب ایک بہت ہی پراعتماد بلے باز بن گئے ہیں اور 10 سال کے وقفے نے انہیں مزید انتھک محنت کرنے والا بنادیا ہے۔

پاکستان ٹیم مینیجمنٹ کو اس سیریز میں جائزہ لینا ہوگا کہ ٹاپ آڑڈر کیوں فیل ہورہا ہے۔ ایک کمزور ٹیم کے خلاف بھی بیٹنگ کی مشکلات سے واضح ہے کہ بلے بازوں کی تیکنیک غلط ہے اور اعتماد کا بھی فقدان ہے۔

پاکستان کی اب اگلے چار مہینے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں، اس لیے پاکستانی بلے بازوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنے آپ کو صیقل کرنا ہوگا جہاں رنز بناکے وہ اپنا اعتماد واپس حاصل کرسکتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ