پیغمبر اسلام کے یوم ولادت کے موقع پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے اسلام آباد کی شاہراہوں اور سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گذشتہ دنوں اسلامی مہینے ربیع الاول کو پورے مذہبی عقیدت و احترام سے منانے کا اعلان کیا تھا۔
اس حوالے سے ملک بھر کی سرکاری اور غیر سرکاری عمارتوں کو سجایا گیا ہے جبکہ حکومتی سطح پر بھی اس دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں مسلمان اسلامک کیلنڈر کے مطابق 12 ربیع الاول کو عید میلاد النبی یا پیغمبر اسلام کی پیدائش کے دن کے طور پر مناتے ہیں اور شہروں میں جلوس نکالے جاتے ہیں۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں خصوصاً کراچی، لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں جلوس منعقد کیے جاتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس دن کی مناسبت سے 19 اکتوبر 2021 کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور وزارت مذہبی امور نے 3 سے 13 ربیع الاول کو عشرہ رحمۃ للعالمین منانے کا اعلان کیا ہوا ہے۔
وزارت نے کہا تھا کہ اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکولز، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں میں سیرت النبی پر تقریری اور نعتیہ مقابلے منعقد کروائے جائیں گے۔
وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا تھا کہ سرکاری و نجی ٹی وی چینلز کے ذریعے سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤٔں کو اجاگر کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان اسلام اور پیغمبر اسلام کی سیرت سے آگاہ کرنے کے لیے رحمت للعالمین اتھارٹی بنانے کا اعلان کرچکے ہیں۔
ادارے کا اعلان کرتے وقت انہوں نے کہا تھا کہ وہ خود اس کے سرپرستی کریں گے جبکہ اس کا سربراہ وہ شخص ہوگا جس نے تفسیر لکھی ہوگی اور اسے اس پر مکمل عبور حاصل ہوگا۔