ٹیکنالوجی کے اس دور میں آئے روز نئی نئی مصنوعات اور خبریں سامنے آتی رہتی ہیں، اس ہفتے اس میدان میں کیا نیا ہوا، ان سطور میں اسی پر نظر ڈالی گئی ہے۔
پالشنگ کپڑا
ایپل کمپنی کے آئی فونز، میک بکس، آئی پیڈز اور آئی پوڈز وغیرہ مہنگے داموں فروخت ہوتے ہیں۔ اب ان مہنگی ڈیوائسز کی صفائی کے لیے ایپل نے ایک پالشنگ کپڑا متعارف کروایا ہے۔
ایپل کے مطابق یہ نرم کپڑا آپ کی ڈیوائس کو بغیر کوئی خراش ڈالے عمدگی سے صاف کرتا ہے۔
آپ اپنی ڈیوائسز اور ان کی سکرینز کو صاف کرنے کے لیے گھر میں عام یا مائیکرو فائبر کپڑا استعمال کرتے ہوں گے، جو سستے داموں مل جاتا ہے، تاہم آگر آپ اپنے لاکھوں روپے کے آئی فون اور میک بک کو ایپل کے ہی کپڑے سے صاف کرنے پر بضد ہیں تو اس کے لیے آپ کو اپنی جیب سے تقریباً سوا تین ہزار روپے خرچ کرنا ہوں گے کیونکہ یہ کپڑا 19 امریکی ڈالرز میں دستیاب ہے۔
اتنا مہنگا کپڑا آئی فون کو اچھے سے صاف کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کی جیب کو بھی صاف کر دے گا۔
فیس بک میں 10 ہزار نئی ملازمتیں
فیس بک اپنے ’میٹا ورس‘ منصوبے کے لیے اگلے پانچ سالوں کے دوران یورپ میں 10 ہزار نئی ملازمتیں پیدا کرے گا۔
کمپنی نے باضابطہ طور پر تو نہیں بتایا کہ یہ کس نوعیت کی ملازمتیں ہوں گی لیکن اتنا عندیہ ضرور دیا ہے کہ اسے انتہائی اعلیٰ پائے کے مخصوص شعبوں کے انجینیئرز کی ضرورت ہے۔
میٹا ورس فیس بک کا ورچوئل ریئلیٹی اور آگمینٹڈ ریئلیٹی پر مبنی نیا منصوبہ ہے، جس میں صارفین نئے انداز سے ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گے۔
اب گوگل رکھے آپ کی پروفیشنل اور ذاتی زندگی کو الگ الگ
گوگل کا انڈروئیڈ کے لیے نیا ’ورک پروفائل‘ ٹول اب آپ کو اپنی پروفیشنل اور ذاتی زندگی کو الگ الگ رکھنے میں مدد دے گا۔
اگلے سال سے دستیاب اس ٹول کی مدد سے صارفین ذاتی اور پروفیشنل پروفائل بنا کر کام کی ایپس اور ڈیٹا کو ذاتی ایپس اور ڈیٹا سے الگ رکھ سکیں گے۔
’مریخ کی دوڑ جیتنی ہے تو ایٹمی خلائی جہاز چاہییں‘
ناسا کے حکام نے زور دیا ہے کہ اگر امریکہ مریخ پر جانے کی دوڑ میں اپنے حریفوں کو شکست دینا چاہتا ہے تو اسے ایٹمی خلائی جہازوں کی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔
ناسا حکام نے یہ بات سائنس، سپیس اور ٹیکنالوجی کی ہاؤس سب کمیٹی کی ایک سماعت کے دوران کہی۔
انہوں نے قانون سازوں پر زور دیا کہ اگر امریکہ چاہتا ہے کہ وہ محض تین سے چار ماہ میں لوگوں کو مریخ تک پہنچا سکے تو اسے ایٹمی توانائی پر مبنی راکٹوں پر تحقیق کرنا ہو گی۔
انسان میں سور کے گردے کی پیوند کاری
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ڈاکٹروں نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک انسان میں سور کے گردے کی کامیاب پیوند کاری کی ہے۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق یہ پیوند کاری جینیاتی طور پر تبدیل شدہ سور سے ایک دماغی طور پر مردہ انسان میں کی گئی۔
اس سور میں جینیاتی تبدیلی کی گئی تھی تاکہ اس میں انسان کو قابل قبول گردہ بن سکے۔
ڈاکٹروں نے گردے کو مریض کی ٹانگ پر پیٹ سے باہر خون کی نالیوں سے جوڑ دیا اور مشاہدہ کیا کہ گردہ کامیابی سے اپنا کام کر رہا ہے۔