وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کے لیے تین ارب ڈالرز کی امداد کے اعلان پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیتا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا: ’میں پاکستان کی امداد کے طور پر مرکزی بینک میں تین ارب ڈالر جمع کروانے اور 1.2 ارب ڈالر کے ساتھ ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی مالی معاونت کرنے پر شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کی امداد دنیا میں اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود کیا۔
I want to thank HRH Prince Mohammad bin Salman for supporting Pak with $3 bn as deposit in Pak's central bank & financing refined petroleum product with $1.2 bn. KSA has always been there for Pak in our difficult times incl now when world confronts rising commodity prices.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 27, 2021
سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی) نے پاکستانی حکومت کو اپنے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر مستحکم کرنے اور کرونا وبا کے اثرات سے نمٹنے میں مدد کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں تین ارب ڈالر جمع کروانے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ایس ایف ڈی نے کہا تھا کہ پاکستان کے لیے سال بھر میں 1.2 ارب ڈالر کے تیل سے ماخوذ تجارت کے لیے مالی اعانت بھی فراہم کی جائے۔
فنڈ نے مزید کہا کہ یہ اقدام پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے سعودی کوششوں کا مظہر ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے منگل کی شب اس پیش رفت کی تصدیق کی تھی۔
فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے مرکزی بینک میں تین ارب امریکی ڈالر جمع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سعودی عرب نے سال کے دوران ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں 1.2 ارب ڈالر کی مالی اعانت کا بھی اعلان کیا ہے۔‘
Breaking news
Saudi Arabia announcement support Pakistan with 3 billion US dollar as deposit in Pakistan central bank
and also financing refined petroleum prodcut with 1. 2 billion us dollars during the year https://t.co/z2izW1avIT https://t.co/z2izW1avIT
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 26, 2021
وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے بھی سعودی ترقیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر سالانہ کی تیل کی موخر ادائیگی کی سہولت اور سٹیٹ بینک میں تین ارب ڈالر جمع کرنے کا خیر مقدم کیا۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ عالمی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں ہمارے تجارتی اور فاریکس اکاؤنٹس پر دباؤ کو کم کرنے میں مدد دے گا۔‘
The Saudi Development Fund has generously announced for Pakistan an oil deferred payments facility of $1.2bn/annum and a $3 bn deposit with SBP. This will help ease pressures on our trade & forex accounts as a result of global commodities price surge.
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) October 26, 2021
سعودی عرب کی جانب سے یہ اعلان وزیراعظم عمران خان کے مملکت کے حالیہ دورے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا۔
پیر کو وزیراعظم نے ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی، جس میں عمران خان نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے اس اہمیت کو اجاگر کیا کہ پاکستان کے مملکت کے ساتھ سٹریٹیجک تعلقات ہیں۔
انہوں نے ہر اہم موڑ پر پاکستان کے ساتھ ثابت قدمی پر سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پہلی بار پاکستان کو مالی امداد اور مؤخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی کی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی بلکہ ماضی میں بھی ایسا کئی بار کیا گیا ہے۔ عمران خان کی حکومت کے قیام کے فوری بعد 2018 میں سعودی عرب نے پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر کے مستحکم رکھنے کے لیے تین ارب ڈالر فراہم کیے تھے۔