بالاکوٹ واقعے کے بعد پاکستانی حراست میں رہنے والے بھارتی ایئر فورس کے ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھمان کو بھارتی فضائیہ نے ترقی دے کر گروپ کیپٹن کا عہدہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ابھی نندن کو گروپ کیپٹن کے عہدے کے لیے کلئیر کر دیا گیا ہے اور بہت جلد انہیں نیا عہدہ دے دیا جائے گا۔ گروپ کیپٹن کا عہدہ بھارتی آرمی کے کرنل کے برابر ہوتا ہے۔
ابھی نندن ورتھمان فروری 2019 میں پاکستان کے ساتھ ہونے والے تنازعے میں شامل تھے۔
پاکستانی طیارے نے انہیں نشانہ بنایا تھا جس کی وجہ سے ان کا طیارہ تباہ ہو گیا تھا جب کہ اس وقت پاکستانی افواج نے انہیں حراست میں لے لیا تھا۔
دوران حراست ابھی نندن کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں وہ چائے پیتے ہوئے بتا رہے تھے کہ پاکستانی افواج نے ان کے ساتھ اچھا رویہ اختیار کیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے بعد سے ’چائے (ٹی از فینٹیسٹک)‘ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک استعارہ بن گیا اور ابھی نندن کی گرفتاری کا چرچا ڈھائی سال گزرنے کے باوجود بھی ہوتا ہے۔
پاکستان فضائیہ نے اس آپریشن کو ’سوئفٹ ری ٹورٹ‘ کا نام دیا تھا اور اس آپریشن میں تباہ ہونے والے بھارتی مگ 21 کو بھی پی اے ایف میں بطور یادگار رکھا گیا ہے۔
27 فروری 2019 کو ابھی نندن کو جب گرفتار کیا گیا تو اگلے دن ہی وزیراعظم عمران خان نے انہیں رہا کرنے کا اعلان کیا تھا اور انہیں اگلے دن ہی واہگہ سرحد کے ذریعے یکم مارچ 2019 کو بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔