لیورپول نے چیمپئنز لیگ جیت لی

انگلش کلب نے ٹوٹنہم ہاٹ سپرز کو 0۔2 سے ہرا کر یورپ کلب فٹ بال کا سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

(روئٹرز)

انگلش فٹ بال کلب لیور پول نے ہفتے کی رات ٹوٹنہم ہاٹ سپرز کو 0۔2 سے ہرا کر یورپ میں کلب فٹ بال کا سب سے بڑا اعزاز یوئیفا چیمپئنز لیگ جیت لیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی لیور پول کی رواں سال انگلش پریمئر لیگ میں ناکامی کا کافی حد تک ازالہ بھی ہو گیا۔

لیور پول کے مصری سٹار محمد صلاح نے میڈریڈ میں کھیلے گئے فائنل کے دوسرے منٹ میں ہی پینلٹی کک پر گول کر دیا۔

روئٹرز کے مطابق، لیور پول کو میچ کے آخر میں سخت دباؤ کا سامنا رہا لیکن 87 ویں منٹ میں ڈیووک اوریگی نے دوسرا گول کرکے کلب کی فتح یقینی بنا دی۔

اپنا پہلا یورپیئن کپ فائنل کھیلنے والی ٹوٹنہم ہاٹ سپرز نے میچ کے شروع میں گول کھانے کے باوجود اچھا کھیلا اور سیمی فائنل کے ہیٹرک ہیرو لوکس مورا کی میچ میں آمد کے بعد ٹیم کا حوصلہ بلند ہوا لیکن ہیری کین اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکے۔

پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی سے ایک پوائنٹ سے شکست کھانے والی لیور پول نے چیمپئنز لیگ میں معمول کے مطابق طوفانی اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ تو نہیں کیا لیکن صلاح کے پینلٹی کک پر گول کے بعد اوریگی کے گول نے ٹیم کی چھٹی مرتبہ یورپیئن کپ جیتنے کی راہ ہموار کر دی۔

ٹورنامنٹ میں کامیابی پر لیور پول کے مداحوں نے خوب جشن منایا۔ اس موقعے پر صلاح نے کہا کہ اب ہر کوئی خوش ہے۔’مجھے مسلسل دوسرا فائنل اور بالآخر پورے 90 منٹ کھیل کر خوشی ہو رہی ہے۔ آج ہر کھلاڑی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انفرادی سطح پر تو کوئی بڑی کارکردگی سامنے نہیں آئی تاہم پوری ٹیم نے ناقابل یقین طور پر عمدہ کھیل دکھایا۔‘

لیور پول کے رائٹ بیک ٹرینٹ الیگزینڈر آرنلڈ نے میچ میں تمام وقت جارحانہ کھیل پیش کیا۔ ٹورنامنٹ میں فتح پر ان کا کہنا تھا کامیابی کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔

میڈریڈ کے ’وانڈا میٹرو پولیٹانو‘ سٹیڈیم میں فتح لیور پول کے منیجر جرگن کلوپ کے لیے بھی یادگار ثابت ہوئی کیونکہ وہ ماضی میں چھ بڑے ٹورنامنٹس  کے فائنلز میں ناکام رہے تھے۔

جرمنی سے تعلق رکھنے والے کلوپ کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور اپنے خاندان کے لیے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

کلوپ نے کہا ان لوگوں نے تکلیف اٹھائی لہذا ٹورنامنٹ میں فتح پر ان کا حق سب سے بڑھ کر ہے۔ ’کیا آپ نے کوئی ایسی ٹیم دیکھی ہے جو ٹینک میں ایندھن نہ ہونے کے باجود لڑنے کے لیے تیار ہو۔ ہمارے پاس ایلی سن بیکر جیسے گول کیپر ہیں جو مشکل کو بھی آسان بنا دیتے ہیں۔ یہ ہماری پیشہ ورانہ زندگی کی بہترین رات ہے۔‘

ٹوٹنہم ہاٹ سپرز کے منیجر موریسیو پوچٹینو نے کھیل میں واپسی کے لیے اپنی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ’ہم لڑے بالخصوص دوسرے ہاف میں، جس پر مجھے فخر ہے لیکن کچھ بدقسمتی بھی رہی۔ کھیل کے آغاز میں مخالف ٹیم کی ایک گول سے برتری مشکل صورت حال تھی۔‘

اعلیٰ فٹ بال سیزن

لیور پول کی فتح ایک اعلیٰ سیزن کا انعام تھی، جس میں کلب نے پریمئر لیگ کے ریکارڈ 97 پوائنٹس حاصل کیے لیکن مانچسٹر سٹی 98 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی۔

چھ یورپیئن کپ جیتنے کے بعد لیور پول سپین کے بارسلونا اور جرمنی کے بیئرن میونخ سے آگے نکل گیا ہے لیکن اطالوی کلب اے سی میلان (7) اور ریئل میڈرڈ (13) سے پیچھے ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال