سعودی ولی عہد کا دنیا کا پہلا غیر منافع بخش شہر بسانے کا اعلان

شہزادہ محمد بن سلمان کے نام سے منسوب یہ شہر وادی حنیفہ سے متصل علاقے ارقہ میں تعمیر کیا جائے گا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلاغیرمنافع بخش شہر ہوگا جو مسک فاؤنڈیشن کے اندرونی آپریشن کے تصور کو واضح کرے گا  (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دنیا کا پہلا غیرمنافع بخش شہر بسانے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ شہرعالمی سطح پرغیرمنافع بخش شعبے کے لیے ترقی کی مثال اور نوجوانوں اور رضاکار گروپوں کے ساتھ ساتھ مقامی اور بین الاقوامی غیرمنافع بخش اداروں کے لیے ترقی کے عمل کی ایک تجربہ گاہ ثابت ہوگا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلاغیر منافع بخش شہر ہوگا، جو مسک فاؤنڈیشن کے اندرونی آپریشن کے تصور کو واضح کرے گا۔ ساتھ میں نوجوانوں کے تربیتی پروگراموں کے حوالے سے مستقبل کے رہنماؤں کو جدت پسندی سے کاروباری اقدار کے اہداف کو حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

مسک فاؤنڈیشن شہزادہ محمد بن سلمان کا قائم کردہ ایک نان پرافٹ ادارہ ہے، جو 2011 میں قائم ہوا تھا اور اس کا مقصد سعودی عرب میں تعلیم کا فروغ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ یہ منصوبہ ایسی سروسز مہیا کرے گا جو شہرکی طرف مائل افراد کے لیے پُرکشش ماحول پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔

’’شہزادہ محمد بن سلمان نان پرافٹ سٹی ڈیجیٹل ٹوئن ماڈل پرعمل پیرا ہوگا۔ اس میں اکیڈمیاں، کالج، مِسک اسکول، کانفرنس سینٹر، سائنس میوزیم اورتخلیقی مراکز قائم کیے جائیں گے، جو سائنسی علوم اور نئے دورکی ٹیکنالوجی جیسے مصنوعی ذہانت (اے آئی)، آئی او ٹی اورروبوٹکس میں جدت پسندوں کے عزائم کی تکمیل کے لیے جگہ مہیا کرے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس میں آرٹس اکیڈمی اور آرٹس گیلری بھی تعمیرکی جائے گی جس میں آرٹ تھیٹر، پلے ایریا، کوکنگ اکیڈمی اور مربوط رہائشی کمپلیکس ہوں گے۔ اس کے علاوہ یہ شہر دنیا بھر سے کمیونٹی کی شراکت کو آگے بڑھانے کے لیے اختراعی کاروباری اداروں کی معاونت کے لیے سرمایہ کار فرموں اورسرمایہ کاروں کی میزبانی بھی کرے گا۔

یہ منصوبہ ولی عہد کی طرف سے وقف اراضی پر وادی حنیفہ سے متصل علاقے ارقہ میں تعمیر کیا جائے گا، جو 3.4 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق شہرکا ماسٹر پلان انسانوں سے منسلک اورجدید ڈیجیٹل سہولیات کا حسین امتزاج ہے، جو پیدل چلنے والوں کی سہولت کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے اور دیرپا ترقی کو فروغ دینے کے لیے اس کے کل رقبے کا 44 فی صد سے زیادہ سبز اور کھلی جگہوں کے لیے مختص ہو گا۔

شہزادہ محمد بن سلمان کے نام سے منسوب اس شہر سے متعلق مراحل اور ان کی پیشرفت کی تفصیلات کا اعلان آنے والے مہینوں میں کیا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا