’امریکی سیٹلائٹس پر روزانہ حملے‘ اور شاؤمی کی تین لاکھ گاڑیاں

اس ہفتے کی پانچ اہم ٹیکنالوجی خبروں میں جانیے کہ فیفا آف سائیڈ کے لیے کون سی ٹیکنالوجی آزما رہا ہے اور وٹس ایپ نے ایک مہینے کے اندر بھارت میں کتنے اکاؤنٹس بند کیے۔

امریکہ کے مطابق اس کے مصنوعی سیاروں پر روزانہ لیزر، ریڈیو فریکوئنسی جیمرز اور سائبر حملے ہوتے ہیں(تصویر: پکسا بے)

ایک اور ہفتے کا اختتام ہے اور اس ہفتے کی پانچ اہم ٹیکنالوجی کی خبریں پیش خدمت ہیں۔

’چین اور روس روزانہ امریکی سیٹلائٹس پر حملے کرتے ہیں‘

سپیس فورس کے ایک جنرل نے کہا ہے کہ امریکہ کے سیٹلائٹ مسلسل حملوں کی زد میں ہیں اور چین اس دہائی کے آخر تک سب سے بڑی خلائی طاقت بن سکتا ہے۔

انڈپینڈنٹ نے واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ خلائی فورس کے آپریشنز کے پہلے نائب سربراہ جنرل ڈیوڈ تھامسن کے مطابق خطرات روزانہ کی بنیاد پر بڑھ اور پھیل رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سرگرمیاں طویل عرصے سے جاری ہیں۔ ’ہم ایک ایسے موڑ پر پہنچ چکے ہیں، جہاں ہمارے خلائی نظام کو خطرہ لاحق ہونے کے بہت سے طریقے موجود ہیں۔‘

جنرل تھامسن نے کہا کہ امریکی مصنوعی سیاروں پر روزانہ غیر متحرک آلات جیسے لیزر، ریڈیو فریکوئنسی جیمرز اور سائبر حملے ہوتے ہیں، جن سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔

انڈپینڈنٹ نے خبر شائع کرنے سے پہلے چین اور روس سے جنرل تھامسن کے بیان پر ردعمل جاننے کے لیے رابطہ کیا لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا۔


فٹ بال: آف سائیڈ کھلاڑیوں کو پکڑنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا میچ کے دوران آف سائیڈ کھلاڑیوں کو پکڑنے کے لیے ایک نئی ٹیکنالوجی کا تجربہ کر رہی ہے۔

اس ٹیکنالوجی میں کھلاڑیوں کی ٹانگوں کو ٹریک کیا جائے گا تاکہ پتہ چلایا جا سکے کہ کب کھلاڑی آف سائیڈ ہوا۔

دی ورج کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’سیمی آٹو میٹک آف سائیڈ ٹیکنالوجی‘ کو تجرباتی طور پر قطر میں جاری عرب کپ 2021 میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس ٹیکنالوجی میں سٹیڈیم کی چھت پر ایک کیمرہ سیٹ اپ ہوگا جو 10 سے 12 کیمروں سے حاصل ہونے والا ڈیٹا میچ آفیشلز کو بھیجے گا تاکہ آف سائیڈ لائن کو رئیل ٹائم میں جانچا جاسکے۔


شاؤمی کی تین لاکھ الیکٹرک گاڑیاں

توقع ہے کہ چین کی سمارٹ فون بنانے والی بڑی کمپنی شاؤمی 2024 میں بڑے پیمانے پر اپنی الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے لگے گی۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کمپنی ایک نیا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگائے گی، جس میں سالانہ تین لاکھ گاڑیاں تیار کی جائیں گی۔

شاؤمی کے چیف ایگزیکٹیو لی جن کے مطابق کمپنی نے اگلی ایک دہائی میں الیکٹرک گاڑیوں کے کاروبار کے لیے 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔


بھارت میں 26 لاکھ وٹس ایپ اکاؤنٹ بلاک

وٹس ایپ نے بھارت میں صرف اکتوبر کے مہینے میں 20 لاکھ سے زائد وٹس ایپ اکاؤنٹ بند کیے ہیں۔

این ڈی ٹی وی نے اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ وٹس ایپ نے اکتوبر کے لیے ایک رپورٹ میں صارفین کی جانب سے ملنے والی شکایات اور ان پر عمل درآمد کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق کل 2.069 ملین اکاؤنٹس بند کیے گئے، جس کے لیے کمپنی نے اپنے ٹولز کا استعمال کیا اور ان میں سے زیادہ تر اکاؤنٹس نقصان دہ سرگرمیوں کی وجہ سے بند کیے گئے۔

کمپنی کو ایک مہینے میں کُل 500 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 146 اکاؤنٹ سپورٹ، 248 پابندیوں کے خلاف اپیلیں، 53 پروڈکٹ سپورٹ، 11 حفاظت کے متعلق اور 42 دوسرے معاملات کے متعلق تھیں۔


امریکہ میں اوبر کا آڈیو ریکارڈنگ فیچر

اوبر ٹیکنالوجیز نے رائیڈنگ گاڑیوں میں سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے امریکہ کے تین شہروں میں آڈیو ریکارڈنگ کا آپشنل پائلٹ پروگرام شروع کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس پائلٹ پروگرام کے تحت ڈرائیور اور سواری گفتگو کو ریکارڈ کرسکیں گے تاکہ بوقت ضروت حفاظت سے متعلق شکایت آنے پر ان ریکارڈنگز کو استعمال کیا جا سکے۔

اوبر نے 2019 کے آخر میں بتایا تھا کہ اسے جنسی حملوں کی چھ ہزار شکایات ملی ہیں۔

اس ریکارڈنگ فیچر کے ذریعے سواری یا ڈرائیور نامناسب گفتگو کو ریکارڈ کرکے اوبر کو کارروائی کے لیے بھیجے گا۔

خیال رہے کہ یہ فیچر لاطینی امریکہ میں دو سال قبل لانچ ہوا تھا اور اس وقت 14 ملکوں میں دستیاب ہے لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اس کا امریکہ میں پائلٹ پروگرام شروع ہو رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی