بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ممبئی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے سپنر اعجاز پٹیل نے کرکٹ کی تاریخ کے تیسرے ایسے بولر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جنہوں نے کسی بھی اننگز کے تمام کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہو۔
انہوں نے جب ہفتے کو میچ کے دوسرے دن کی دوپہر کو بھارت کے محمد سراج کو آؤٹ کیا تو وہ ایک اننگز میں 10 وکٹ لینے والے تیسرے بولر بن گئے۔
ممبئی میں پیدا ہونے والے اعجاز پٹیل آٹھ سال کی عمر میں نیوزی لینڈ منتقل ہوگئے تھے جہاں اپنے انکل کے ساتھ رہتے ہوئے انہوں نے سکول میں کرکٹ شروع کی۔
ان کے والدین کا تعلق گجرات کے ایک مسلم خاندان سے ہے لیکن اپنے کام کی وجہ سے وہ ممبئی آگئے تھے جہاں 1988 میں اعجاز پیدا ہوئے جس کے بعد 1996 میں وہ نیوزی لینڈ منتقل ہوگئے تھے۔
اعجاز پٹیل نے اب تک صرف 10 ٹیسٹ کھیلے ہیں اور 29 وکٹ لے سکے ہیں لیکن 11واں ٹیسٹ ان کو تاریخ کا حصہ بنا گیا۔
وہ ہمیشہ سے بائیں ہاتھ کے بہترین سپنر مانے جاتے ہیں جو انگلیوں سے کمال کی گھومتی ہوئی گیندیں کرتے ہیں لیکن فاسٹ بولرز کی موجودگی میں ان کی ٹیم میں جگہ مشکل سے ہی بنتی ہے۔
موجودہ سیریز کے لیے بھارت آنے سے قبل وہ کئی دفعہ ممبئی آچکے تھے لیکن کبھی اپنے آبائی شہر میں کھیل نہ سکے تھے۔ ممبئی کےتاریخی وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلنا ان کی آرزو تھی جس کے لیے ان کو بہت انتظار کرنا پڑا۔
دو روز قبل جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ ممبئی میں کھیلتے ہوئے کیسا لگ رہا ہے تو انہوں نے اسے زندگی کا سب سے اہم واقعہ قرار دیا تھا۔
ممبئی ٹیسٹ میں جب نیوزی لینڈ نے بولنگ شروع کی تو فاسٹ بولرز کے لیے وکٹ لینا مشکل ہوگیا تھا۔ اوپنر مایانک اگروال، جنہوں نے سنچری سکور کی، وہ شبھام گل کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے تھے۔
ایسے میں اعجاز پٹیل نے بھارتی مورچہ میں شگاف ڈالا اور پہلی وکٹ حاصل کی لیکن ان کی اگلی 10 گیندوں نے تو میچ کا رنگ ہی بدل دیا تھا۔
پہلے انہوں نے چتیشور پجارا کو بولڈ کیا اور پھر صرف چار گیندوں کے بعد ویراٹ کوہلی کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ دونوں صفر پر آؤٹ ہوئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے بعد اگرچہ بھارت نے 325 رنز بنائے لیکن بھارت کی تمام 10 وکٹ اعجاز پٹیل نے لیں۔ انہوں نے 47.5 اوورز میں 119 رنز دےکر 10 وکٹس لیں۔
اعجاز پٹیل سے پہلے یہ کارنامہ دو مزید بولرز انجام دے چکے ہیں۔
جم لیکر
انگلینڈ کے آف سپنر جم لیکر نے 26 جولائی 1956 کو مانچسٹر میں آسٹریلیا کے خلاف صرف 53 رنز دے کر 10 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔
ان کا یہ منفرد کارنامہ اس لحاظ سے اور بھی تاریخی تھا کہ انہوں نے اسی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نو وکٹیں لیں۔ اس لحاظ سے انہوں نے اس ٹیسٹ میں 19 وکٹیں لیں۔
انیل کمبلے
بھارت کے مایہ ناز سپنر اور سابق کپتان انیل کمبلے نے چار فروری 1999 سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میں دہلی میں پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 10 وکٹیں لیں جبکہ پہلی اننگز میں انہوں نے چار کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔ پاکستان وہ ٹیسٹ ہار گیا تھا۔
کرکٹ کی تاریخ میں ان تین بولرز نے 10 وکٹ لینے کا انوکھا کارنامہ انجام دیا ہے لیکن اعجاز پٹیل کا یہ ریکارڈ منفرد ہے کیونکہ اعجاز نے اپنے ملک سے باہر یہ کارنامہ انجام دیا ہے جبکہ بقیہ دو بولرز اپنے ہی ملک میں یہ اعزاز حاصل کیا۔
نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اور بائیں ہاتھ کے سپنر ڈینیل وٹوری نے اسے کیوی کرکٹ کا انفرادی کارکردگی کا سب سے اہم واقعہ قرار دیا ہے اور اعجاز کو مستقبل کا کا بہترین سپنر قرار دیا ہے ۔