خواتین پر تشدد انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جو یو این ویمن کے مطابق دنیا میں ہر روز ہوتی ہے۔
یو این ویمن کے مطابق عالمی سطح پر ہر تین میں سے ایک عورت کو اپنے قریبی ساتھی کی طرف سے جسمانی یا جنسی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگرچہ گھریلو تشدد بعض اوقات پوشیدہ ہوتا ہے۔
اگر ہمیں بدسلوکی پر مبنی تعلقات کی علامات کا علم ہو تو ہم اسے بہتر طریقے سے پہنچان سکتے ہیں، مدد کرسکتے ہیں یا مدد حاصل کرسکتے ہیں۔
ذیل میں چند سوالات، علامات اور تجاویز پیش کی جارہی ہیں، جن کا احاطہ 16 ڈیز آف ایکٹیوزم کی مناسبت سے یو این ویمن کی جانب سے کیا گیا ہے۔ یہ وہ 16 دن ہیں خواتین کے خلاف صنف کی بنیاد پر کیے گئے تشدد کی روک تھام کے لیے منائے جاتے ہیں۔
بدسلوکی کی کچھ عام علامت کیا ہیں؟
- آپ کے ساتھی آپ کی ہر چیز پر نظر رکھتے ہیں۔ وہ نگرانی کرتے ہیں کہ آپ کہاں ہیں اور آپ سارا وقت کس کے ساتھ ہیں۔ وہ آپ کو دوستوں اور خاندان سے ملنے، سکول یا کام پر جانے سے روکتے ہیں یا اس کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔
- آپ کے ساتھی اصرار کرتے ہیں کہ آپ ان کے میسج، ای میل یا ٹیلیفون کال کا فوری جواب دیں۔ ساتھ ہی سوشل میڈیا ویب سائٹس، ای میل اور دیگر اکاؤنٹس کے پاس ورڈز کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
- ایک بدسلوک ساتھی حاسد کی طرح بھی ہوسکتا ہے، جس میں آپ پر دھوکہ دہی کا مسلسل الزام لگانا بھی شامل ہے۔ وہ یہ کنٹرول کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں کہ آپ پیسہ کیسے خرچ کرتے ہیں اور ساتھ ہی ادویات کے استعمال یا بچوں کی پیدائش کے متعلق معاملات میں بھی آپ کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔
- وہ آپ کے لیے روزمرہ کے فیصلے کر سکتے ہیں، جیسا کہ آپ کیا پہنتے ہیں یا کھاتے ہیں۔
- وہ تذلیل کر سکتے ہیں۔ وہ آپ کی شکل و صورت، ذہانت یا ترجیحات کی توہین کرکے آپ کو نیچا دکھا سکتے ہیں۔ وہ آپ کی دوسروں کے سامنے تذلیل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں اور آپ کی املاک یا ایسی چیزوں کو تباہ کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں جن کی آپ پروا کرتے ہیں۔
- ایک بدسلوک ساتھی غصہ یا غیر متوقع مزاج کا مظاہرہ کر سکتا ہے، لہذا آپ مسئلے کی اصل وجہ کبھی نہیں جان سکتے کہ کیا ہوسکتی ہے۔
- وہ تشدد، اشتعال اور جسمانی نقصان پہنچانے کا الزام آپ پر، خود پر، اور آپ کے گھر کے افراد بشمول بچوں یا پالتو جانوروں پر لگا سکتے ہیں۔
- وہ آپ کو جسمانی تکلیف پہنچا سکتے ہیں جیسا کہ مارنا، دھکا دینا، مکا مارنا، تھپڑ مارنا، لات مارنا یا کاٹنا وغیرہ۔ وہ آپ کے خلاف ہتھیار استعمال کرسکتے ہیں یا ایسا کرنے کی دھمکی دے سکتے ہیں۔
- وہ جنسی طور پر بدسلوکی کر سکتے ہیں، بشمول ریپ یا دیگر جبری جنسی سرگرمی۔ وہ غلط طور پر یہ فرض کرسکتے ہیں کہ ماضی میں جنسی عمل کے لیے رضامندی کا مطلب ہے کہ آپ مستقبل میں بھی ایسا کرنے کے لیے راضی ہیں۔
- وہ یہ بھی غلط طور پر فرض کرسکتے ہیں کہ ایک سرگرمی کے لیے رضامندی کا مطلب ہے کہ آپ آئندہ بھی اس سرگرمی میں آگے تک جانے کے لیے رضامند ہیں۔
- مثال کے طور پر، ایک استحصال کرنے والا یہ فرض کر سکتا ہے کہ بوسہ ہر بار جنسی تعلقات کا باعث بننا چاہیے۔
- اگر آپ نے بدسلوکی کے متعلق کسی کو بتایا یا مزاحمت کی تو ایک بد سلوک ساتھی آپ کو غیر قانونی سرگرمی کے الزام میں حکام کے حوالے کر سکتا ہے۔
- آپ مقامی ہیلپ لائن پر کال کرکے کسی ایسے شخص سے بات کر سکتے ہیں جسے مدد کرنے کی تربیت دی گئی ہے۔
اگر کوئی بدسلوکی کا سامنا کر رہا ہو تو اسے کیا کرنا چاہیے؟
- اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے ساتھ بد سلوکی کی جا رہی ہے تو آپ مدد طلب کریں۔ یہ تجاویز آپ کو تحفظ اور مدد تلاش کرنے میں مدد کر سکتی ہیں۔
- اپنے خدشات کسی قابل اعتماد دوست، خاندان کے فرد یا ہمسائے کو بتانے پر غور کریں۔ بوقت ضروت مدد لینے کے لیے ان کے ساتھ مل کر پہلے سے منصوبہ بندی کریں۔ اس منصوبہ بندی میں ایک خفیہ کوڈ یا کئی کوڈ ورڈز بنانا، جملے یا ایموجیز آپ کو محفوظ طریقے سے ان کے ساتھ بات چیت کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
- بھاگنے کی حکمت عملی بنائیں، جیسے یہ کہتے ہوئے کہ آپ کو فارمیسی یا سودا سلف خریدنے سٹور جانا ہے اور ایک بار وہاں پہنچ کر مدد کے لیے ٹیلیفون کا کہیں۔ اگر آپ کو فرار ہونے کی ضرورت ہو تو دن یا رات کے مختلف اوقات میں گھر چھوڑنے کی کئی قابل یقین وجوہات پر غور کریں۔
- اگر ممکن ہو تو ٹیلی فون کو ہمیشہ چارج اور قابل رسائی رکھیں اور آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ مدد کے لیے کس نمبر پر کال کرنی ہے۔ کسی دوست، خاندان کے کسی فرد کو یا پولیس کو۔ اگر آپ کی زندگی خطرے میں ہے اور آپ کو یقین ہے کہ پولیس کو کال کرنا محفوظ ہے تو پولیس کو ٹیلیفون کریں۔
- اپنے ساتھی کے تشدد اور اس میں شدت کے انداز کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ اس سے آپ کو معلوم کرنے میں مدد ملے گی کہ بدسلوکی کب بڑھ سکتی ہے۔
بد سلوکی کا سامنا کرنے والوں کی مدد کیسےکی جاسکتی ہے؟
- اگر آپ کسی ایسے دوست کے بارے میں فکر مند ہیں جو گھریلو تشدد یا بدسلوکی برداشت کر رہا ہے یا کسی کے ساتھ غیر محفوظ محسوس کرتا ہے، تو انہیں حفاظت اور معاونت تلاش کرنے میں مدد دینے کے لیے ان تجاویز کا جائزہ لیں۔
- اگر آپ اپنے دوست کی حفاظت کے لیے فکرمند ہیں تو ان سے رابطے میں رہیں اور تخلیقی بنیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
- استحصال کرنے والے کو شک نہ ہونے دیں تاکہ رابطہ بحال رہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ دونوں کے بچے ہیں تو آپ بچوں کے درمیان مشترکہ کالز تجویز کرسکتے ہیں۔ آپ گفتگو میں استعمال کرنے کے لیے خفیہ کوڈ ورڈ بنا سکتے ہیں جو آپ کو زیادہ محفوظ طریقے سے بات چیت کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
- اپنے دوست سے پوچھیں کہ وہ کس طرح رابطہ رکھنا چاہیں گے۔ ایک محفوظ مواصلاتی چینل قائم کرنا ضروری ہے، کیوں کہ وہ بہت سے حالات میں جسمانی طور پر استحصال کرنے والے کے قریب ہوں گے اور بدسلوکی کرنے والا فرد بات چیت کی نگرانی کر رہا ہوگا۔
- ان سے پوچھیں کہ کیا وہ فون کال پر فوری پیغام یا میسج کو ترجیح دیتے ہیں یا پھر کوئی مخصوص پلیٹ فارم یا ایپ ہے، جسے وہ استعمال کرنا پسند کرتے ہیں۔
- مدد کرنے والے بنیں اور ان پر اعتبار کریں۔ انہیں یقین دلائیں کہ وہ اکیلے نہیں اور ان کے لیے مدد موجود ہے۔ اس بات کو سمجھیں کہ ان کے لیے بدسلوکی کرنے والے فرد کے متعلق بات کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔ اگر وہ بات کرنا چاہیں تو غور سے سنیں اور ان کے ہمدرد بنیں۔
- کرونا کے دوران حفاظت کو مد نظر رکھتے سوچیں کہ ان کی کیسے مدد کی جا سکتی ہے۔ کیا اس دوران وہ دیگر دوست احباب یا خاندان کے ساتھ رہ سکتے ہیں؟ منصوبہ بنانے کے لیے ان لوگوں تک پہنچنے میں ان کی مدد کرنے پر غور کریں۔
- ان کے رضامندی کے حق کا احترام کریں۔ جب تک آپ کو اس بات پر پختہ یقین نہ ہوجائے کہ آپ کے دوست کی زندگی خطرے میں ہے، ان کی مرضی کے بغیر اقدامات کرنے سے گریز کریں۔ وہ حفاظت کے متعلق خطرات کو سب سے زیادہ جانتے ہیں اور اس لیے انہیں اپنے ساتھ ہونے والی بدسلوکی سے متعلق فیصلے لینے چاہییں۔
- ان کی رازداری کا احترام کریں۔ کیوں کہ تحفظ کے مسائل، بدنامی، شرم کے احساسات اور متاثرین پر الزام لگانے کی وجہ سے بچ جانے والوں کو اکثر مسائل درپیش ہوتے ہیں۔ یہ اہم ہے کہ ان کے تجربات اور شناخت خفیہ رہے، جب تک کہ وہ انہیں ظاہر کرنے کے لیے واضح رضامندی نہ دیں۔
- انہیں عملی معاونت اور وسائل فراہم کرتے رہیں۔ اپنے دوست کو بتائیں کہ آپ مدد کرنا چاہتے ہیں۔ اگر ہو سکے تو انہیں رہنے کے لے ایک محفوظ جگہ، نقل و حمل یا کسی اور صورت میں معاونت فراہم کریں۔
- اپنے دوست کو بتائیں کہ وہ کسی ایسے شخص سے بات کر سکتے ہیں جسے مدد کرنے کی تربیت دی گئی ہے۔ انہیں مقامی سروسز اور ہیلپ لائنوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔