سعودی عرب میں آب زم زم کے محکمے میں سروسز اور فیلڈ افیئرز کے نائب سربراہ بدر اللقماني کے مطابق آب زم زم کی بوتلوں کی تقسیم کے لیے اب روبوٹ ٹیکنالوجی سے کام لیا جائے گا اور اس عمل میں انسانی مداخلت نہیں ہوگی۔
سعودی عرب میں یہ اقدام کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدبیر کے طور کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بدر اللقماني کا کہنا تھا کہ روبوٹ ایک راؤنڈ میں پانی کی 30 بوتلیں تقسیم کریں گے۔ ایک راؤنڈ 10 منٹ میں مکمل ہو گا۔
یہ روبوٹ ایک وقت میں آٹھ گھنٹے کام کرتا ہے اور اسے آب زم زم کی بوتلیں لوڈ کرنے میں 20 سیکنڈ کا وقت لگتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بدر اللقماني نے مزید بتایا کہ روبوٹ لوگوں سے ٹکرائے گا اور نہ ہی رکاوٹ بنے گا۔ روبوٹ یورپی کمپیوٹر سائنس سرٹیفکیٹ سمیت منظوری کے بہت سے سرٹیفکیٹ حاصل کر چکا ہے۔
بدر اللقماني کے بقول ’مسجدالحرام میں بیگ اور چھوٹے سلنڈرز اٹھانے کے لیے بھی روبوٹس کو وسیع پیمانے پر استعمال کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ ہم یہاں آنے والوں کو اعلیٰ ترین سکیورٹی اور معیار کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔‘