فرانس میں جاری خواتین فٹ بال ورلڈ کپ میں اٹلی کے ساتھ اہم میچ میں برازیل کی مارٹا نے 17واں گول سکور کر کے میگا ایونٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
مارٹا نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ نہ صرف خواتین بلکہ مردوں کے مقابلوں میں بھی توڑا ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز جرمنی کے مروزلاو کلوز کے پاس تھا جنہوں نے مردوں کے ورلڈ کپ مقابلوں میں 16 گول کیے تھے۔
33 سالہ فارورڈ کھلاڑی مارٹا نے میچ کا یہ واحد گول پینیلٹی پر اس وقت کیا جب میچ ختم ہونے میں محض 15 منٹ باقی تھے۔
گروپ سی کا یہ میچ برازیل نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت کر اگلے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔
مارٹا کو امید ہے کہ وہ فرانس میں جاری اس ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی سے مزید سرخیاں بنائیں گی۔
’میں اِسے اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہوں، میں خوش ہوں کہ میں نے ایک ایسے کھیل میں تاریخ رقم کی ہے جسے مردوں کی گیم سمجھا جاتا تھا۔ ہم ریکارڈ توڑ رہی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین فٹ بال میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ یہ صرف مارٹا کی کامیابی نہیں ہے بلکہ یہ یہاں موجود ہر خاتون کھلاڑی کی کہانی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے مزید کہا:’ بلا شبہ یہاں ہماری موجودگی ایک بڑا موقع ہے۔ ہم اس پلیٹ فارم کو خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں مساوی حقوق دلوانے کے لیے استعمال کر سکتی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا: ’مجھے اس کی وضاحت کرنے دیجیئے کہ خواتین صرف کھیل میں ہی نہیں بلکہ ہر شعبے میں مختلف کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ ہر سطح پر مساوات کے لیے جدوجہد ہے۔‘
آسٹریلیا سے غیرمتوقع شکست کے بعد برازیل کو ناک آوٹ مرحلے تک رسائی کے لیے آخری لیگ میچ میں اٹلی سے جیتنا لازمی تھا اور مارٹا کے واحد گول کی بدولت برازیل نے کواٹر فائنلز کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ جرمنی یا میزبان ملک فرانس سے متوقع ہے۔
ٹیم کوچ وڈاو کا کہنا ہے کہ برازیل اگلے چیلنچ کے لیے بھی مکمل تیار ہے۔
’اپنے حریفوں کے خلاف جن مشکلات کا سامنا ہمیں کرنا پڑے گا، انہیں بھی ایسی ہی صورتحال کے لیے تیار رہنا چاہیے۔‘