سعودی یوگا کمیٹی کی صدر نوف المروعی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے سکولوں میں یوگا کو بطور کھیل متعارف کروایا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق المروعی نے کہا کہ یوگا کے صحت کے لیے فوائد کے پیش نظر اسے ملک کے تمام سکولوں میں نصاب کے حصے کے طور پر متعارف کروانے کے لیے وزارت تعلیم سے تعاون کیا جا رہا ہے۔
اس ہفتے کے آغاز میں نو مارچ کو ایک تعارفی لیکچر میں سعودی یوگا کمیٹی اور سعودی سکول سپورٹس فیڈریشن کے درمیان تعاون پر روشنی ڈالی گئی اور بتایا گیا کہ سکولوں میں یوگا کے مستقبل پر قومی سطح پر تعاون سے کیا نتیجہ نکلے گا۔
وزارت تجارت نے نومبر 2017 میں ملک میں بطور کھیل یوگا کی تعلیم اور مشق کی منظوری دی تھی۔
اخبار الشرق اوسط کو انٹرویو میں المروعی کا یہ بھی کہنا تھا کہ دماغی اور جسمانی صحت کی اہمیت کے پیش نظر سعودی عرب میں یوگا کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔
بدھ کے تعارفی لیکچر میں سکول پرنسپلز اور تعلیم کے تمام مدارج کے فزیکل ایجوکیشن کے ٹیچرز نے شرکت کی جس کا مقصد وزارت تعلیم اور ایس وائی سی کے منصوبے کو عملی شکل دینا ہے۔
لیکچر کے دوران مقامی اور بین الاقوامی سطح پر طلبا کی کھیلوں میں شرکت کی سطح کو بلند کرنے کی خواہش سمیت سعودی نوجوانوں کی صحت کی بہتری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یوگا کے سندیافتہ انسٹرکٹر اور انندہ یوگا سٹوڈیو کے بانی خالد جمعان الزہرانی نے عرب نیوز کو بتایا: ’جوں جوں میں یوگا کی گہرائی میں گیا۔ میرے لیے اس کے ناقابل یقین فوائد سامنے آنا کبھی نہیں رکے کیوں کہ یہ ایک مکمل اور تبدیل کر دینے والا کھیل ہے جو اسے کھیلنے والوں کو زیادہ پرسکون اور صاف ذہن اور مضبوط اور زیادہ صحت مند جسم تک لے جاتا ہے۔
’سعودی عرب میں ہمارے سکول نظام نے ہمیشہ اس امر کو یقینی بنایا کہ نظام کی تمام سرگرمیوں کا مقصد تعلیمی اور جسمانی اعتبار سے طلبہ کی بہتری ہو اور میرا ماننا ہے کہ یوگا کو سکولز کے سعودی نظام میں متعارف کروانا صحت مند اور مؤثر اقدام ہے۔‘