پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کا اپنے کارکنوں سے کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ جب کال دیں تو 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں۔
لاہور میں بدھ کو ورکرز کنونشن سے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’کل (جمعرات) 27 ویں رمضان ہے، کل شب دعا کا اعلان کیا ہے۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے ورکرز سے کہا کہ ’آپ سب نے محلے، گلیوں میں جانا ہے۔ رات دس بجے میں دعا کروں گا جس میں میرے ساتھ مولانا طارق جمیل ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم اپنے ملک کی حقیقی آزادی کے لیے دعا کریں گے، حقیقی آزادی کی تحریک کی کامیابی کی دعا کریں گے۔‘
عمران خان نے کہا کہ وہ پارٹی تنظیموں سے کہہ چکے ہیں کہ ٹی وی کے ذریعے سب سنیں چاہے وہ تحریک انصاف کے لوگ ہیں یا نہیں۔
انہوں نے اپنے ورکرز سے کہا کہ ’لوگوں کے پاس میرا پیغام لے کر جانا ہے اور لوگوں کو تبلیغ کرنی ہے۔‘
اس موقع پع عمران خان نے ایک بار پھر تحریک عدم اعتماد اور ’غیرملکی سازش‘ کے حوالے سے بات کی اور کہا کہ ’سب کو بتانا ہے کے سازش کے تحت حکومت مسلط کی گئی ہے۔ ہمیں امریکہ فتح کیے بغیر ان کے ذریعے کنٹرول کرے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کم از کم 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں جب میں کال دوں گا۔‘
’آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ اب سے کوئی ریسٹ نہیں کرنا، آپ نے تبلیغ کرنی ہے، اپنے علاقوں میں جانا ہے، لوگوں کو آپ نے بیدار کرنا ہے اور شعور دینا ہے۔‘
عمران خان نے اپنے ورکرز سے کہا کہ انہوں نے عید والے دن بھی آرام نہیں کرنا۔ ’جب نماز کے بعد عید ملیں تو کان میں کہنا ہے حقیقی آزادی کی جنگ لڑنی ہے۔‘