وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ہفتے کو اپنے ایک روزہ دورے میں متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کےمطابق ’دونوں رہنماوں نے پاکستان اور امارات کے درمیان تعلقات کے فروغ کا جائزہ لیا۔ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔‘
ابوظہبی کے ولی عہد نے ملاقات میں مستقبل میں پاکستان کی مزید ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے پرتپاک خیرمقدم اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں امارات کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کی خواہش ظاہر کی۔
وزیر اعظم آفس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ابوظہبی پہنچنے پر شیخ محمد بن زاید نے شہباز شریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا‘۔
شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں۔
Mohamed bin Zayed, PM of Pakistan review advancing relations, discuss regional, international developments#WamNews https://t.co/bNPQQc0dKz pic.twitter.com/JBmmiOy3SE
— WAM English (@WAMNEWS_ENG) April 30, 2022
ابوظہبی ایئر پورٹ پر متحدہ عرب امارات کے وزیرِ انصاف عبداللہ بن سلطان بن عود آل نعیمی نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
قبل ازیں اسلامی ممالک کے تنظیم ( او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طٰہ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی۔
مکہ میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے او آئی سی کے جنرل سیکریٹری کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں امت مسلمہ کے مفادات کے فروغ کے لیے کام کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا: ’پاکستان او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے او آئی سی کے رکن ممالک کے مفادات اور تحفظات کے حوالے سے فعال کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔‘
وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے جس میں انہوں نے سب سے پہلے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
قبل ازیں جمعے کو عرب نیوز کو ایک تحریری انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو گہری تزویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔‘
وزیراعظم پاکستان نے کہا: ’دونوں ممالک کا خاص رشتہ سات دہائیوں سے ہے۔ اب ہماری دلی خواہش ہے کہ اس رشتے کو ایک گہرے، متنوع اور باہمی طور پر فائدہ مند سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔‘