پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ہفتے کو کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتے کو ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے غریب عوام کی مدد کے لیے ایک نیا ریلیف پیکج متعارف کرایا ہے۔
فاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ 40 ہزار روپے ماہانہ سے کم آمدن والے خاندانوں کی سربراہ خواتین 786 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر حکومت کی جانب سے دو ہزار روپے ماہانہ حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت پاکستان میں 67 لاکھ خاندانوں کو امداد فراہم کی جائے گی۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے گذشتہ روز قوم سے خطاب میں ملک میں غریب ترین خاندانوں کی امداد کے لیے 28 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا تھا، جس سے 8.5 کروڑ پاکستانی شہری مستفید ہوں گے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 73 لاکھ پاکستانی شہریوں کا ڈیٹا حکومت کے پاس موجود ہے جنہیں یکم جون سے ماہانہ امداد ادا کر دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فون نمبر 786 پر قومی شناختی کارڈ کا نمبر موصول ہونے کے چار پانچ دن کے اندر اندر درخواست گزاروں کو امدادی رقوم جاری کر دی جائیں گی۔