دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول کی قیمتیں بڑھائیں: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے آج مانسہرہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دل پر پتھر رکھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں لیکن آٹھ کروڑ لوگوں کو سبسڈی بھی دی۔

سکرین گریب پی ٹی وی 29052022

وزیراعظم شہباز شریف نے آج مانسہرہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دل پر پتھر رکھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں لیکن آٹھ کروڑ لوگوں کو سبسڈی بھی دی۔ عمران خان نے آخری دنوں میں تیل کی قیمتیں کم کیں کیونکہ اس کو پتہ تھا کہ وہ آئینی طریقے سے جارہا تھا۔

مانسہرہ کے جلسے میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو خیبرپختونخوا کو پنجاب بناؤں گا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پشاور کو لاہور کی طرح ترقی دلانی ہے تو آپ کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انا پرست، جو یوٹرن لیتا ہے، مہنگائی آسمانوں سے باتیں کرتی ہے، غربت میں اضافہ کرتا ہے، ایک اینٹ نہیں لگاتا، دو کروڑ نوکریاں دور کی بات ایک نوکری نہیں دی، لاکھوں لوگ بیروزگار رہے، اس شخص سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرلو کہ تعمیر کرنے والا نواز شریف ہے یا عمران خان۔ آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ زندگی لگا دوں گا اور آپ کو خوشحال بناؤں گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لوگ ہزارہ موٹروے سے گزرتے ہیں اور نوازشریف کو دعائیں دیتے ہیں، میں جب ہزارہ موٹروے سے گزرا تو نواز شریف کو دعائیں دیں۔ ملتان سکھر موٹروے 2016 میں آغاز کیا اور اس کی تعمیر اپنے دور میں مکمل کی۔ نواز شریف نے پاکستان کو خوشحال اور ترقی سے ہمکنار کرانے کے لیے دن رات محنت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختوانخوا کی حکومت آٹے کو سستا کرتی ہے تو ٹھیک ورنہ میں 10 کلو آٹے کی بوری پنجاب کی قیمت 490 روپے میں کروں گا۔ مجھے اب تک جواب نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سے درخواست کرتا ہوں کہ آٹا سستا کریں۔ میں پھر کہہ رہا ہوں کہ کپڑے بیچوں گا لیکن آٹا سستا کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قرضوں کو اتنا بوجھ ہے کہ شاید ہماری نسلیں بھی یہ قرضے نہ اتار سکیں۔ لیکن ہمیں اللہ تعالیٰ پر بھروسہ ہے۔ ہم نواز شریف کی قیادت میں دن رات محنت کریں گے۔

جلسے کے دوران انہوں نے مانسہرہ میں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کیا نیز گرد و نواح کے علاقوں کی ترقی اور گلی محلوں کے مسائل کے لیے ایک ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا۔ ہزارہ کی علیحدہ الیکٹرک کمپنی کا اعلان بھی کیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگلے بجٹ میں نوجوانوں کے لیے فری لیپ ٹاپ مہیا کریں گے۔

قبل ازیں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا  کہ میں وعدہ کرتی ہوں کہ عمران خان نے نااہلی سے پاکستان کے سینے پر جو زخم لگائے ہیں، شہباز شریف اور نواز شریف اپنی محنت سے وہ زخم بھر کر جائیں گے۔

مریم نواز نے دعویٰ کیا جب عمران خان نے دیکھا کہ لانگ مارچ کامیاب نہیں ہو رہا، عوام ان کے انتشار پر کان نہیں دھر رہی اور لانگ مارچ ناکام ہو گا تو ’اس نے نواز شریف کے پاس اپنے بندے بھیجے کہ میں لانگ مارچ نہیں کرنا چاہتا الیکشن کی تاریخ کا اعلان کروں۔‘

انہوں نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ’انقلاب اس لیے ناکام ہوا کہ انقلاب ہیلی کاپٹر سے نہیں آیا کرتا۔ انقلاب سرکاری گاڑیوں میں بیٹھ کر نہیں آتا۔ انقلاب پیرا شوٹ سے لینڈ نہیں کرتا۔ انقلاب آدھے راستے سے یوٹرن لے کر بنی گالہ جانے سے نہیں آتا۔‘

مریم نواز نے عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا ’وہ لوگوں کو دھرنے کا جھانسہ دے کر بنی گالہ واپس چلے گئے۔ اتنے آنسو لوگوں کی آنکھوں میں گیس سے نہیں آئے جتنے عمران خان کے دھوکے کی وجہ سے آئے ہیں۔‘

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے سابق وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’سپرپاور کو ڈراوے دینے والا گرفتاری کے خوف سے پشاور کے بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان