اسرائیل کا غزہ میں قتل عام: جماعت اسلامی کا امریکی سفارت خانے کی جانب مارچ کا اعلان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے 11 اپریل کو پورے ملک اور خاص طور پر لاہور، 13 اپریل کو کراچی اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے 29 دسمبر 2024 کو بھی اسلام آباد میں ’غزہ ملین مارچ‘ کیا گیا تھا ( فائل فوٹو/ اے ایف پی)

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں امریکی قونصل خانوں کی جانب مارچ کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کے خلاف پاکستان سے بھرپور آواز اٹھنی چاہیے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے اپنی تمام معمول کی سرگرمیاں موخر اور ری شیڈول کر کے پورے ملک میں اسرائیلی درندگی کے خلاف ایک بھرپور مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 11 اپریل کو پورے ملک خاص طور پر لاہور میں بڑا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی قونصل خانے کی طرف مارچ کریں گے، 13 اپریل کو کراچی میں ملین مارچ ہوگا جب کہ 20 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی طرف مارچ کریں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’پاکستانی پارلیمنٹیرینز پر مشتمل ایک وفد ترکی، ایران، ملائیشیا، سعودی عرب اور مصر سمیت مسلم اکثریتی ممالک سے رابطہ کرے گا تاکہ غزہ پر اسرائیلی محاصرے کو ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’فلسطین پر اسرائیلی حملے، مسلم دنیا کی خاموشی اور عالمی برادری کی بے حسی قابل مذمت ہے، جہاں 90 فیصد غزہ کو تباہ کر دیا گیا ہے، ہزاروں لوگ بے دخل کیے گئے، عید پر فلسطین میں بچوں پر بمباری کی گئی اور اس بربریت پر کوئی بولنے کو تیار نہیں ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’پاکستان اپنے خراب حالات کے باوجود اتنی طاقت رکھتا ہے کہ وہ پوری امت کے لیے کھڑا ہو سکتا ہے اور جب ہم اس بڑے مقصد کے لیے کھڑے ہوں گے تو ہمارے داخلی مسائل، ہمارے درمیان تفریق اور تقسیم اور لڑائی جھگڑے بھی ختم ہو جائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’لاکھ اختلافات کے باوجود بلوچ، پشتون، سندھی، پنجابی اور مہاجر تمام اسلام، امت، ناموس ریاست اور فلسطین کے نام پر یکجا ہو جاتے ہیں۔‘

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ’غزہ کے معاملے پر مسلم دنیا نے  بے حسی کی چادر اوڑھ لی ہے، امریکی اور ڈونلڈ ٹرمپ کے سائے تلے خود کو محفوظ سمجھنے والے تاریخ  کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔‘

انہوں نے عالمی برادری کی خاموشی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’فلسطین کے معاملے پر دنیا بھر میں قبرستان جیسی خاموشی طاری ہے۔ امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے چہروں سے نقاب اتر چکا ہے مغرب آج بھی اتنا ہی وحشی ہے جتنا تاریک دور میں تھا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان