کھیلوں کی مصنوعات فروخت کرنے والی بین الاقوامی کمپنی ایڈیڈاس نے دبئی میں پاکستانی کھانوں کے مشہور ریستوران ’راوی‘ سے منسوب اپنے سنیکرز کے محدود ایڈیشن کا اعلان کیا ہے۔
یہ جوتے 23 جون سے دبئی اور منتخب شدہ آن لائن ریٹیل سٹورز پر دستیاب ہوں گے۔
جوتوں کی یہ سیریز دنیا بھر کے 11 شہروں میں مشہور کھانے پینے کی جگہوں کا جشن منانے کا ایک حصہ ہے۔
دبئی میں یہ شراکت داری امارت کی سب سے پرانی یادوں میں سے ایک راوی ریستوران کو سراہنے کے لیے ہے جو 1978 میں شروع ہونے کے بعد طویل عرصے سے غیر ملکی اور اماراتی کھانے پینے کے شوقین افراد کے لیے ایک مقبول مقام بن گیا ہے۔
اس ریستوران میں مشہور امریکی ریپ گلوکار سنوم ڈاگ اور برطانوی بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ نے بھی پاکستانی کھانوں کا مزہ چکھا ہے۔
مزید پڑھیے: دبئی میں ’بریانی چائے‘ کے چرچے
ایڈیڈاس کی اوریجنل سپر سٹار سیریز میں شامل ’سپر سٹار راوی‘ کے نام سے جاری ہونے والا یہ خصوصی ایڈیشن مختلف رنگوں کے امتزاج کے ساتھ پاکستانی ورثے کا حوالہ دیتا ہے اور اس میں ایک مخصوص سوک لائنر ہے جس پر ہاتھ سے تیار کردہ نقشہ ہے جو راوی نام کے مطلب کو ظاہر کرتا ہے۔
جوتے کی ایڑی پر انگلش اور عربی میں راوی ہوٹل کے نام کے ساتھ اس کے افتتاح کا سال بھی لکھا گیا ہے۔ریستوران کے مالکان نے چھ پکوانوں کا انتخاب کیا ہے جن کے نام ایک طرف انگریزی اور دوسری طرف عربی کے ساتھ جوتے کے اندرونی حصے پر لکھے گئے ہیں۔
ان پکوانوں میں ریستوران کی مشہور چکن بریانی اور کڑک چائے بھی شامل ہیں۔ جوتوں کا ہر جوڑا ایک خصوصی ایڈیشن ٹیک آوے سٹائل باکس میں دیا جائے گا۔
راوی کے بانی چوہدری عبدالحمید نے ایک بیان میں کہا: ’میرے خاندان نے راوی کو وہاں پہنچانے کے لیے بہت محنت کی ہے جہاں وہ اب ہے، یہ عملے اور گاہکوں کے لیے صرف ایک ریستوران سے بڑھ کر ہے، یہ ایک ایسا گھر بن گیا ہے جس کے ساتھ بہت سے لوگ پلے بڑھے ہیں۔‘
مزید پڑھیے: دبئی کے ایک ریستوران کی 43 ہزار روپے کی بریانی
انہوں نے مزید کہا: ’راوی اب ایڈیڈاس کے ساتھ ایک اہم شہر کے طور پر دبئی کی نمائندگی کر رہا ہے، یہ ایک ایسا سنگ میل ہے جس کا جشن منایا جانا چاہیے۔‘
ایڈیڈاس نے ایک بیان میں کہا: ’یہ منفرد تعاون اس بات کی نمائندگی کرتا ہے کہ کھانا جسمانی سرحدوں کو عبور کرنے اور ثقافتی تعلق قائم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا: ’یہ شراکت داری کھانے کی سرحدوں کو عبور کرنے اور ثقاتفی بندھنوں کو قائم کرنے کی صلاحیت کی نمائندگی کرتی ہے۔ کھانا جو ہمیں کسی نئی جگہ لے جاتا ہے یا ایڈیڈاس کے 11 اہم شہروں میں بسنے والی تارکین وطن برادریوں کو گھر کا ذائقہ یاد دلاتا ہے۔‘
کمپنی کے بیان کے مطابق اس کی ’ایڈی لیشس‘ سیریز کے ذریعے، ہر ریسٹورنٹ اپنے منفرد کھانے اور اس کی کہانی کو سامنے لاتا ہے۔