’راولپنڈی ایکسپریس‘: شعیب اختر کی زندگی پر فلم کا اعلان

شعیب اختر نے اپنے یو ٹیوب چینل پر بتایا کہ ان کی زندگی پر بنائی گئی فلم 16 نومبر 2023 کو ریلیز کی جائے گی۔

شعیب اختر وہ پہلے بولر تھے جن کی گیند کی رفتار سو میل فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی (فوٹو: شعیب اختر آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ)

پاکستان کے نامور سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اتوار کو تصدیق کی ہے کہ ان کی زندگی پر بنائی گئی فلم جلد ریلیز ہونے والی ہے۔

 شعیب اختر نے اپنے یو ٹیوب چینل پر بتایا کہ ’راولپنڈی ایکسپریس۔رننگ اگینسٹ دی اوڈز‘کے نام سے بنائی گئی فلم 16 نومبر 2023 کو ریلیز کی جائے گی، جس کی ہدایات محمد فراز قیصر نے دی ہیں۔

اپنے کھیل کے دنوں میں بولنگ کی طوفانی رفتار کی بدولت ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کی عرفیت سے شہرت پانے والے 46 سالہ شعیب اختر نے فلم کے بارے میں یوٹیوب چینل پر 25  سیکنڈ کا موشن پوسٹر بھی شیئر کیا۔

موشن پوسٹر میں ایک شخص کو ریل کی پٹڑی پر بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ قریب آنے پر شرٹ پر لکھا شعیب اختر کا نام اور نمبر 14 لکھا ہوا نظر آتا ہے۔ اس ویڈیو کلپ کو صرف 20 منٹ میں پانچ ہزار مرتبہ دیکھا گیا۔

ابھی تک یہ علم نہیں ہوسکا کہ شعیب اختر کا کردار کون سے اداکار ادا کریں گے تاہم نامور کھلاڑی سے کمنٹیٹر بن جانے والے شعیب اختر ایک بار خواہش ظاہر کر چکے ہیں کہ بڑے پردے پر ان کا کردار بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان ادا کریں۔

فلم کا ویڈیو کلپ اور پوسٹر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بعد شعیب اختر نے RawalpindiExpressTheFilm کے ہیش ٹیگ کے ساتھ فلم سے متعلق سوال جواب کے ایک سیشن میں بھی شرکت کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب فلم کے ہدایت کار فراز قیصر نے فلم کے بارے میں اپنے تاثرات سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا: ’2016 کے خیال کو بالآخر عملی شکل مل گئی۔ اب میری پہلی فیچر کا پوسٹر دستیاب ہے۔‘

شعیب  اختر نے 29 نومبر 1997 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ سے اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ وقت کے ساتھ وہ مشہور ترین فاسٹ بولر کے طور پر ابھر کر سامنے آئے۔ وہ پہلے بولر تھے جن کی گیند کی رفتار سو میل فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں دو بار یہ کارنامہ انجام دیا۔

انہوں نے 46 ٹیسٹ اور 163 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ شعیب اختر نے پاکستان کی طرف سے 15 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ وہ اپنے شاندار کیریئر کے بعد 2011 میں ایک روزہ ورلڈ کپ کھیل کر ریٹائر ہو گئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم