پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لاہور میں پہلی بار جشن آزادی جلسہ کے لیے کسی سٹیڈیم کا انتخاب کیا ہے جس کا ٹرف اپنی میعاد پوری کر چکا ہے لیکن اسے ہٹانے اور نیا آسٹروٹرف بچھانے کا ٹینڈر تاحال نہیں دیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی کال پر 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جلسے کے انتظامات شروع کر دیےگئے ہیں۔
مختلف حلقوں کی جانب سے ہاکی کے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے مختص اس تاریخی گراؤنڈ میں آسٹرو ٹرف خراب ہونے سے کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ہاکی فیڈریشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ’یہ آسٹرو ٹرف ہٹانے کا فیصلہ پہلے ہی ہوچکا ہے اور رواں سال پنجاب حکومت نے بجٹ میں نئے آسٹروٹرف کے لیے بجٹ بھی مختص کردیا ہے۔ اس لیے اسے ہٹا کر نیا بچھائے جائے گا لہذا جلسہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔‘
پی ٹی آئی کے جلسے کی انتظامیہ کے مطابق: ’یہ آسٹروٹرف سرگودھا بھیجا جائے گا اور یہاں عالمی معیار کا ٹرف جلسے کے بعد بچھایا جائے گا۔
’یہاں جلسہ جشن منانے کے لیے منعقد کیا جارہا ہے تاکہ فیملیز بھی باآسانی اور محفوظ طریقے سے شرکت کرسکیں جہاں ایک لاکھ لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔‘
ہاکی سٹیڈیم کی دیکھ بھال کرنے والے ہاکی فیڈریشن کے سرکاری عہدیدار عقیل احمد نے بتایا کہ ’آسٹروٹرف کی معیاد پوری ہوچکی تھی عالمی مقابلوں کے لیے یہ ویسے ہی قابل استعمال نہیں تھا حکومت پنجاب نے اس کی تبدیلی کے لیے فنڈز مقرر کر دیے ہیں لیکن ابھی تک نئے آسٹروٹرف بچھانے کا ٹینڈر نہیں ہوا جو جلد ہوجائے گا۔‘
جلسہ انتظامیہ میں شامل پی ٹی آئی رہنما میاں طارق کے مطابق: ’نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ان دنوں ہاکی میچز شیڈول نہیں تھے اور یہ محفوظ مقام ہے اس لیے یہاں جلسہ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس سٹیڈیم میں ویسے بھی لوگ دلچسپی نہیں رکھتے تھے یہاں جلسہ سے لوگوں کو اس سٹیڈیم کی اہمیت اور تاریخ کااندازہ ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حقیقی آزادی کے لیے 75 سالہ تقریبات بھی منائے گی جس میں اسی ملک کے شہری شریک ہوں گے اور اس سٹیڈیم میں آمد ان کا حق ہے اس لیے تنقید بلا وجہ کی جارہی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
میاں طارق کے مطابق ہاکی سٹیڈیم میں جلسہ کرنے کے لیے ایسی جگہ درکار تھی جہاں ایک لالھ تک لوگوں کوآرام سے بیٹھنے کا موقع مل سکے اور سکیورٹی انتظامات بھی بہتر ہوں۔
’یہاں 70 سے 80 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش بتائی گئی ہے اس لیے یہاں جلسہ کے انتظامات شروع کر دیےگئے ہیں اور جلسہ کی باقائدہ اجازت لی گئی ہے۔‘
دوسری جانب لاہور کے سپورٹس رپورٹر ابوبکر بلال نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بات ٹھیک ہے کہ یہاں آسٹروٹرف مدت معیاد پوری کرچکا ہے، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے اب آسٹروٹرف کا رنگ نیلے سے تبدیل کر کے سبزبچھانے کی شرط عائد کر دی ہے۔ اس لیے یہ تو ویسے ہی تبدیل ہونا تھا کیوں کہ 2012 میں بچھایا گیا ٹرف 2019 میں تبدیل ہونا چاہیے تھا مگر اب کرنے کافیصلہ ہوا ہے۔‘
ابوبکر نے کہا کہ یہ بات غلط ہے کہ جلسے کی وجہ سے آسٹروٹرف نہیں ہٹایا جارہا۔ ’اس کی وجہ جلسہ ہی ہے کیوں کہ فنڈز تو مختص ہوگئے مگر اس کا ٹینڈر ابھی تک نہیں ہوا جو دو سے تین ماہ کا کام ہوتا ہے۔‘
معمول کے مطابق ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کسی کمپنی کو نئے آسٹروٹرف بچھانے کا باقائدہ ٹھیکہ ٹینڈر کے ذریعے دیا جاتا ہے اور وہ پرانا ٹرف ہٹا کر نیا بچھاتے ہیں مگر اچانک یہ پرانا آسٹروٹرف ہٹایا جا رہا ہے جس کی وجہ صرف پی ٹی آئی کا جلسہ ہے۔
ان کے مطابق: ’شاید ٹرف پر ہی جلسہ ہوجاتا لیکن تنقید کے بعد اسے ہٹانے کا کام شروع ہواہے۔ جس طرح ن لیگ کی حکومت نے یوتھ فیسٹیول کرایا تھا اور اسی آسٹروٹرف کو نقصان بھی پہنچا تھا۔‘
صحافی ابو بکر نے بتایا کہ ’اس سارے معاملہ میں اب تین ماہ تک یہاں ہاکی میچ نہیں ہوسکیں گے کیوں کہ نیا گرین ٹرف بچھے گا تو ہی عالمی مقابلوں کے لیے یہ گراؤنڈ دستیاب ہوگا اور قومی ٹیم کے کھلاڑی یہاں پریکٹس کر سکیں گے۔‘
ابوبکر کے مطابق لاہور میں ہاکی اکیڈمی کے گراؤنڈ میں جدید گرین آسٹروٹرف بچھا ہوا ہے اس وقت تک پلیئرز کو وہاں پریکٹس کی سہولت دی جائے گی۔