پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ہفتے کو بہاول پور بار ایسوسی ایشن سے خطاب میں کہا کہ وہ اپنے حامیوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ’جہاد‘ درحقیقت کیا ہے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ وہ خودکش حملے کریں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا وہ انہیں جہاد کے لیے تیار کرنے آئے ہیں۔ ’پہلے یہ سمجھیں کہ جہاد کیا ہے؟ اگر آپ کو سمجھ نہیں آئی کہ آپ کس قسم کا جہاد کر رہے ہیں تو آپ خودکش حملہ کر دیں گے۔
’میں چاہتا ہوں کہ آپ سوچنے اور سمجھنے کے بعد جدوجہد کے لیے تیاری کریں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا جہاد ملک میں انصاف کے لیے ہے۔ ’میں چاہتا ہوں کہ لوگ متحد ہوں اور انصاف میں انقلاب برپا کریں تاکہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ خدا نے انسانوں کو زمین پر انصاف کو یقینی بنانے کے لیے بھیجا۔
عمران خان نے اپنی گفتگو میں سیاسی حریفوں کو مبینہ بدعنوانی پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں روپے کی قدر میں کمی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے لیے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے بجلی کی زائد قیمتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج بجلی 50 روپے فی یونٹ مل رہی ہے، ایسے میں لوگوں کو سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ بجلی کے بل دیں یا پھر بچوں کی فیس۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے معیشت نہیں سنبھال رہی ملک قرضوں میں دلدل میں پھنس رہا ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر صاف اور شفاف انتخابات کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آ سکتا لہٰذا الیکشن ضروری ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے مطابق کہ اگر انھیں دیوار کے ساتھ لگایا گیا تو پھر وہ ’کارنر ٹائیگر‘ بن سکتے ہیں۔