ملکہ الزبتھ دوئم کی وفات پر برطانیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے حکومت پاکستان نے آج یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
حکومتی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ کی سفارش پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 12 ستمبر کو یوم سوگ منانے کی منظوری دی۔
کابینہ ڈویژن کو بھی اس سلسلے میں مزید ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ٹویٹ کیا کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کو وفات پر برطانیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان میں 12 ستمبر 2022 کو ملک بھر میں قومی یوم سوگ منایا جائے گا اور دن بھر پورے ملک میں پرچم سر نگوں رہے گا۔
To express solidarity with the government & people of the United Kingdom on the sad demise of Her Majesty Queen Elizabeth II, Pakistan will observe a national day of mourning on 12 Sept. 2022. During the day, Pakistan’s flag will be lowered to half-mast throughout the country.
— Pakistan High Commission London (@PakistaninUK) September 11, 2022
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیر کو انگلینڈ میں سوگواران کو ملکہ الزبتھ دوم کے تابوت کے سامنے تعزیت کرنے کا موقع ملے گا۔ ملکہ کا تابوت ایڈنبرا کے کیتھیڈرل چرچ میں رکھا گیا ہے جہاں کنگ چارلس سوئم بھی موجود ہوں گے۔
توقع ہے کہ لندن میں ان کی آخری رسومات سے ایک ہفتہ قبل کیتھیڈرل میں رکھے گئے جھنڈے میں لپٹے ہوئے تابوت کو دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد کی قطار ہوگی۔
نئے بادشاہ تخت نشینی کے بعد پہلی بار لندن میں برطانوی قانون سازوں سے بھی خطاب کریں گے جب کہ ملکہ کی تدفین 19 ستمبر کو ہوگی۔
جاری سوگ کے دوران وسطی لندن میں ویسٹ منسٹر ایبی میں ان کی سرکاری تدفین سے قبل آرچ بشپ آف کینٹربری کی صدارت میں ایک تقریب منعقد کی جائے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے لیے ملکہ کی میت کو لندن منتقل کیا جائے گا جہاں توقع ہے کہ ان کا تابوت تین دن تک ویسٹ منسٹر ہال میں پڑا رہے گا۔
انہیں ونڈسر محل کے سینٹ جارج چیپل میں سپرد خاک کیا جائے گا جہاں ان کے شوہر شہزادہ فلپ اور ان کے دونوں والدین ملکہ کی والدہ اور جارج ششم بھی دفن ہیں۔
ان کی آخری رسومات اور بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کے دن برطانیہ میں قومی تعطیلات ہوں گے۔
برطانیہ میں جس آخری شخصیت کی میت 2002 عوامی دیدار کے لیے رکھی گئی تھی وہ ملکہ کی والدہ تھیں۔
شدید عوامی جذبات کے باوجود 1997 میں شہزادی ڈیانا کی موت کے بعد برطانیہ میں کسی سوگ کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔
اس سے قبل گذشتہ روز (اتوار) انڈیا میں بھی یوم سوگ منایا گیا جس کی مناسبت سے انڈیا کی سرکاری عمارتوں پر جھنڈے سر نگوں رہے۔ انڈیا کی وزارت داخلہ کے مطابق ملکہ کے احترام میں سرکاری تفریحی تقریبات کو بھی منسوخ کر دیا گیا تھا۔
نئی دہلی میں انڈین پارلیمنٹ، ایوان صدر، لال قلعہ اور دیگر سرکاری دفاتر کے اوپر جھنڈے سرنگوں تھے۔