سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے پیر سے ایک نئے اور مربوط سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا آغاز کر دیا جس کے ذریعے مکہ اور مدینہ کے مقدس شہروں میں جانے کے لیے منصوبہ بندی اور بکنگ کی جا سکتی ہے۔
’نُسُک‘ کے نام سے متعارف کروایا گیا پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے دنیا بھر سے سے مسافر ای ویزے کی درخواست سے لے کر ہوٹلوں اور پروازوں کی بکنگ کروانے سمیت سعودی عرب کے تمام تر دورے کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔
یہ پلیٹ فارم زائرین اور سیاحوں کو خدمات اور معلومات کی ایک وسیع رینج فراہم کرتا ہے جس کی بدولت وہ آسانی سے عمرہ کر سکتے ہیں۔ یہ پورٹل مملکت کے کے وژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہے تا کہ فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر اور عازمین حج و عمرہ کے مذہبی اور ثقافتی تجربے کو بھرپور بنایا جا سکے۔
نسک سعودی ٹورازم اتھارٹی کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے اور اسے مملکت کی سرکاری سیاحتی ویب سائٹ ’وزٹ سعودی عرب‘ کی طرف سے فراہم کردہ خدمات سے منسلک کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد زائرین کے تجربات کو بھرپور بنانا اور انہیں مختلف پیکیجز اور پروگراموں کی فراہمی کے لیے بکنگ اور رابطے کے طریقہ کار کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
عمرے کے خواہشمند افراد اب ضروری ویزا اور پرمٹ حاصل کرنے کے لیے نسک کا استعمال کر سکیں گے۔ بعد ازاں پلیٹ فارم میں دیگر سہولیات شامل کی جائیں گی جن میں انٹرایکٹو نقشے، پیشکشوں اور سرگرمیوں کی تفصیل، متعدد زبانوں میں ہدایات پر مبنی ڈیجیٹل گائیڈ اور صحت سے متعلق معلومات اور سروسز شامل ہوں گی۔
اس وقت ’مقام‘ کے نام سے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم موجود ہے جو اس وقت تک کام کرتا رہے گا جب تک بعد کے مرحلے میں تمام خدمات نسک میں شامل نہیں کر دی جاتیں۔
وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفيق بن فوزان الربيعہ نے وضاحت کی ہے کہ نسک پلیٹ فارم جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لاتے ہوئے زائرین کو معیاری خدمات فراہم کرنے کی مسلسل جاری کوششوں کا تسلسل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم متعدد سرکاری اداروں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جو مل کر حج اور عمرہ کرنے والوں کو سہولت فراہم کرتے ہیں تا کہ ان کے روحانی سفر کو شاندار بنایا جا سکے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پی آر نیوز وائر کے مطابق نسک میں نجی شعبے کو بھی مواقعے فراہم کیے گئے ہیں۔ خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو سہولت دی گئی ہے کہ وہ حج و عمرہ کرنے والوں اور سیاحوں کو الیکٹرانک طریقے سے اپنی خدمات فراہم کریں۔
سعودی عرب کے وزیر سیاحت اور سعودی ٹورازم اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد الخطیب نے ’پلگرم ایکسپیریئنس پروگرام‘ کے تحت نسک کی اہمیت اور ٹورازم اتھارٹی اور وزارت حج و عمرہ کے درمیان تعاون اور رابطے کے طریقہ کار کے تحت اس کے کردار کی اہمیت اجاگر کی۔