پولیو: گیٹس فاؤنڈیشن کا روک تھام کے لیے 1.2 ارب ڈالر کا اعلان

فاؤنڈیشن کے شریک بانی بل گیٹس کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’پولیو کا خاتمہ پہنچ میں ہے۔ لیکن اس کے باوجود یہ بیماری ایک خطرہ ہے۔‘

           26 مارچ 2013 کی اس تصویر میں گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک بانی بل گیٹس گھانا میں انسداد پولیو مہم کے دوران ایک بچے کو پولیو ویکسین کے قطرے پلاتے ہوئے۔ گیٹس فاؤنڈیشن نے دنیا بھر سے پولیو کے خاتمے کے لیے ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کا عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے(اے ایف پی)

بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے دنیا بھر سے پولیو کے خاتمے کے لیے ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کا عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گیٹس فاؤنڈیشن نے اس عطیے کا اعلان برلن میں جاری سمٹ کیا ہے جس میں دنیا بھر کے ماہرین صحت شریک ہیں۔

فاؤنڈیشن کے شریک بانی بل گیٹس کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’پولیو کا خاتمہ پہنچ میں ہے۔ لیکن اس کے باوجود یہ بیماری ایک خطرہ ہے۔‘

گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے عطیہ کی جانے یہ رقم گلوبل پولیو اریڈیکیشن انشی ایٹیو (جی پی ای آئی) کو دی جائے گی جو ان ممالک کی حکومتوں کے ساتھ مل کر کر رہا جہاں پولیو کے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ اس انشی ایٹیو کا مقصد 2026 تک پولیو کا خاتمہ کرنا ہے۔

فاؤنڈیشن کے بیان میں کہا گیا کہ 1998 میں اپنے قیام کے بعد سے جی پی ای آئی نے پولیو کے کیسز میں 99 فیصد کمی میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور اب تک دو کروڑ سے زائد پولیو کیسز کا سدباب کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس وقت دنیا میں صرف پاکستان اور افغانستان ایسے ممالک ہیں جہان ابھی تک وائلڈ پولیو وائرس کی وبا پائی جاتی ہے جبکہ ملاوی اور موزمبیق میں بھی 2022 کے دوران دوسرے ممالک سے آنے والے پولیو کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

گیٹس فاؤنڈیشن کے بیان کے مطابق ’پولیو کے خلاف تاریخی پیش رفت کے باوجود ویکسینیشن مہم میں رکاوٹ، ویکسین کے حوالے سے غلط اطلاعات، سیاسی عدم استحکام اور پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب نے پولیو کے خلاف اس مہم کے حتمی اختتام کی اہمیت کو مزید واضح کر دیا ہے۔‘

پولیو کیا ہے؟

انسداد پولیو پروگرام پاکستان کے مطابق پولیو مائلائٹس (پولیو) ایک وبائی (تیزی سے پھیلنے والا) مرض ہے جو پولیو وائرس کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ اعصابی نظام پر حملہ آور ہوتا ہے، اور ٹانگوں اور جسم کے دوسرے اعضا کے پٹھوں میں کمزوری کی وجہ بن سکتا ہے یا چند صورتوں میں محض چند گھنٹوں میں موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

پولیو کیسے منتقل ہوتا ہے؟

پولیو وائرس کسی متاثرہ فرد کے پاخانے سے آلودہ ہو جانے والے پانی یا خوراک میں موجود ہوتا ہے اور منہ کے ذریعے صحت مند افراد کے جسم میں داخل ہو سکتا ہے۔

وائرس کی تعداد جسم میں جا کر کئی گنا بڑھ جاتی ہے اور یہ متاثرہ فرد کے جسم سے خارج ہوتا ہے۔

پولیو کی علامات کیا ہیں؟

پولیو کی ابتدائی علامات یہ ہیں:

.i    بخار

.ii    تھکاوٹ

.iii   سر درد

.iv   متلی

.v    گردن میں اکٹراؤ

.vi   اعضامیں درد

.vii  جسمانی اعضا، زیادہ تر ٹانگوں میں اچانک کمزوری/فالج کا حملہ ہونا، جو زیادہ تر غیر متناسب اور مستقل ہوتا ہے۔

کیا پولیو صرف پاکستان میں ہے؟

پولیو پوری دنیا میں صرف دو ممالک (پاکستان اور افغانستان) کے چند حصوں میں ابھی تک موجود ہے۔ باقی دنیا سے تقریباً اس کا خاتمہ ہو چکا ہے۔

1988 میں پولیو کے عالمی سطح پر خاتمے کا پروگرام شروع کیا گیا تھا۔ اس وقت سے اب تک، بڑی سطح پر حفاظتی قطروں کی مہم کی بدولت دنیا بھر میں پولیو کے کیسز 99 فی صد تک کم ہو چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی صحت