جنوبی کوریا کے شہر گوانگ جو میں 18ویں فینا سوئمنگ چیمپیئن شپ جاری ہے جس میں دنیا بھر کے مرد اور خواتین تیراک حصہ لے رہے ہیں۔
فینا سوئمنگ چیمپیئن شپ کے مقابلے 21 جولائی سے 28 جولائی تک جاری رہیں گے۔
2020 کے اولمپک مقابلوں سے قبل تیاری کے لیے یہ تمام تیراکوں کے پاس بہترین موقع ہوگا۔
رواں ماہ ہونے والی فینا سوئمنگ چیمپیئن شپ کا سلوگن ’ڈائیوو اِن ٹو پیس‘ یعنی امن کی جانب غوطہ ہے۔
گوانگ جو شہر کا نامبو یونیورسٹی میونسپل ایکویٹکس سینٹر ان مقابلوں کی میزبانی کر رہا ہے۔
نامبو یونیورسٹی میونسپل ایکویٹکس سینٹر کو 2015 کے موسم گرما کے یونیورسیڈ کھیلوں کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔
فینا سوئمنگ چیمپیئن شپ میں 42 گولڈ میڈلز کے لیے تیراکوں کے درمیان کڑا مقابلہ ہوگا۔
اس دوران گوانگ جو کے مختلف مقامات پر سوئمنگ، ڈائیونگ، ہائی ڈائیونگ، آرٹسٹک سوئمنگ، اوپن واٹر، واٹر پولو کے مقابلے بھی ہو رہے ہیں۔