قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ میں پرتگال مراکش کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے جو نہ صرف فٹ بال شائقین بلکہ پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کے لیے بھی ایک دھچکے سے کم نہیں۔
اس میچ میں شکست کے بعد رونالڈو کو پرنم آنکھوں کے ساتھ میدان سے باہر جاتے دیکھا گیا جس کے بعد انہوں نے ایسے اشارے بھی دیے ہیں جو ان کی بین الااقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا ارادہ ظاہر کرتے ہیں۔
تاہم انہوں نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی وہ پرتگال کی جانب سے مزید کھیلیں گے یا نہیں اور اس حوالے سے صورت حال ابھی تک غیر یقینی کا شکار ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رونالڈو کی افسردہ تصاویر اور ویڈیوز پر جہاں ایک جانب فٹ بال شائقین انہیں حوصلہ افزائی کے پیغامات بھیج رہے ہیں وہیں دوسری جانب کرکٹ کی دنیا کے معروف انڈین کھلاڑی وراٹ کوہلی نے بھی جذباتی انداز میں رونالڈو کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
رونالڈو کی تصویر کے ساتھ پوسٹ کی جانے والی اپنی ٹویٹس میں وراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ’کوئی ٹرافی یا کوئی ٹائٹل آپ سے وہ کچھ نہیں لے سکتا جو آپ نے اس کھیل اور دنیا بھر میں موجود اس کھیل کے مداحوں کے لیے کیا ہے۔ کوئی ٹائٹل اس تاثر کا اظہار نہیں کر سکتا جو آپ نے لوگوں پر چھوڑا ہے، جو میں اور میرے جیسے لوگ آپ کو کھیلتے ہوئے دیکھ کر محسوس کرتے ہیں۔ یہ خدا کا ایک تحفہ ہے۔‘
(1/2) No trophy or any title can take anything away from what you’ve done in this sport and for sports fans around the world. No title can explain the impact you’ve had on people and what I and so many around the world feel when we watch you play. That’s a gift from god. pic.twitter.com/inKW0rkkpq
— Virat Kohli (@imVkohli) December 12, 2022
کوہلی مزید لکھتے ہیں ’یہ ایک ایسے فرد کے لیے نعمت ہے جو ہر بار اپنے دل سے کھیلتا ہے، سخت محنت کی مثال اور کسی بھی کھلاڑی کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے۔ میرے لیے آپ سب سے عظیم ترین ہیں۔‘
مراکش سے شکست کے بعد اتوار کو رونالڈو نے کہا تھا کہ ’ان کا خواب ختم ہو چکا ہے۔‘
اپنے انسٹاگرام پر رونالڈو نے لکھا ’پرتگال کے لیے ورلڈ کپ جیتنا میرے کیریئر کا سب سے بڑا اور اہم مقصد تھا۔ خوش قسمتی سے میں نے بین الااقوامی سطح پر بشمول پرتگال بہت ٹائٹلز جیتے۔‘
رونالڈو اس ورلڈ کپ میں پرتگال کے آخری دو میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ ان میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والا راؤنڈ آف 16 اور مراکش کے خلاف کوارٹر فائنل شامل تھا۔